6اسٹار آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کومسل دیا جمی ڈائرکی ہیٹ ٹرک

نیوزی لینڈ کیخلاف جنوبی کوریا 2-0 سے کامیاب، ہالینڈ نے بھارت کو 3-2...


AFP July 31, 2012
جنوبی افریقہ کیخلاف آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے ہاف میں چار مرتبہ جنوبی افریقی گول کیپر کو چکمہ دیا، فوٹو ریوٹرز

کپتان جمی ڈائر کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 6اسٹارآسٹریلیا نے اولمپک مینز ہاکی میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو مسل دیا، نیوزی لینڈ کیخلاف جنوبی کوریا نے 2-0 سے کامیابی کو گلے لگایا، ہالینڈ نے بھارت کو 3-2 سے ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے ہاف میں چار مرتبہ جنوبی افریقی گول کیپر کو چکمہ دیا،

پہلا گول 16ویں منٹ میں ڈائر نے پنالٹی اسٹروک پر بنایا، پہلے ہاف کے اختتام سے دو منٹ قبل ڈائر کے پاس پر میتھیو بوٹیرانی نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، 46ویں منٹ میں کرسٹوفر سیریلو نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا اور 48ویں منٹ میں ڈائر نے انفرادی طور پر دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول بنایا، 58ویں منٹ میں ڈائر نے دوسرے پنالٹی اسٹروک کو کارآمد بنایا،

62ویں منٹ میں گلین ٹرنر نے فیلڈ گول اسکور کیا،ڈائر نے 179 انٹرنیشنل گول بنانے کا آسٹریلوی ریکارڈ بھی برابرکردیا جس میں سابق پلیئر مارک ہیگر بھی ان کے شریک ہیں، پول 'بی ' میں ایشین گیمز چیمپئن جنوبی کوریا نے نیوزی لینڈ کو 2-0 سے ہرادیا، دونوں فیلڈ گول یو ہایو سک کے نام رہے۔ ہالینڈ نے بھارت کو 3-2 سے مات دی۔