تیسرا ون ڈے کولا سیکرا نے کینگرو بیٹنگ کی کمر توڑدی

میزبان27برس بعد اپنی تاریخ کے دوسرے کمترین ٹوٹل 74 پر ڈھیر، پیسر کی5 وکٹیں


Sports Desk January 19, 2013
تیسرا ون ڈے : سری لنکن فاسٹ بولر نوان کولا سیکرا آسٹریلوی اوپنر فل ہیوز کی وکٹ کے حصول پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں، انھوں نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 4وکٹ سے شکست دیکر پانچ میچز کی سیریز میں 2-1 سے سبقت حاصل کرلی۔

کینگروز 27 برس بعد اپنی تاریخ کے دوسرے کمترین ٹوٹل 74 پر ڈھیر ہوگئے، مین آف دی میچ کولاسیکرا نے کینگرو بیٹنگ کی کمر توڑتے ہوئے کیریئرمیں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ آسٹریلیا کیلیے بھیانک خواب ثابت ہوا،ابتدائی 9 کھلاڑی 40 رنز پر پویلین لوٹ گئے،آخری وکٹ کیلیے اسٹارک اور ڈہورٹی کے درمیان 34 رنز کی شراکت سے اننگز27 ویں اوورز میں داخل ہوپائی، اسٹارک(22 ناٹ آئوٹ) اور ڈہورٹی (15) ہی دہرے ہندسے میں پہنچ پائے۔



آسٹریلیا اپنی تاریخ کے دوسرے کمترین مجموعے 74 پر ڈھیر ہوگیا،اس سے قبل دو مرتبہ کینگروز 70 پر آئوٹ ہو چکے، کولاسیکرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز دیکر5 پلیئرز کو پویلین بھیجا،مالنگا کے حصے میں تین وکٹیں آئیں، جونسن کے جوابی وار کی بدولت سری لنکا نے 75 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6وکٹیں گنوا دیں، پریرا22 رنز پرناٹ آئوٹ رہے جبکہ دلشان بھی اتنے ہی رنز بناکر میدان بدر ہوئے، جونسن نے 11 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔