شہر کی اہم شاہراہوں پر پیڈسٹرین برج نصب کرنے کا فیصلہ

4 مقامات پرپیڈسٹرین برجزکی تنصیب کا کام جاری ہے، شاہراہوں پر ٹریفک نشانات آویزاں کیے جائیں،ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید.


Staff Reporter January 19, 2013
4 مقامات پر پیڈسٹرین برجز کی تنصیب کا کام جاری ہے، شاہراہوں پر ٹریفک نشانات آویزاں کیے جائیں،ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کی مشکلات کودور کرنے کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر مناسب فاصلے سے پیڈسٹرین برج نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سہولت مہیا کی جاسکے۔

شہر میں 4 مقامات پر پیڈسٹرین برجز کی تنصیب کا کام جاری ہے اوران کا 50فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، سڑکوں پر غلط سمت سے یوٹرن کا استعمال روکنے کے لیے ٹریفک پولیس کی مشاورت سے لائحہ عمل بنایا جارہا ہے، شاہراہوں پر ٹریفک نشانات واضح طور پر آویزاں کیے جائیںگے اور فلائی اوورز اور شاہراہوں پر لگائے گئے کیٹ آئی کی مرمت و تبدیلی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے سینٹر آئی لینڈ سے غیر ضروری کراسنگ ختم کی جائیںگی۔

 

3

ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کے افسران کے ساتھ پیڈسٹرین برجز کی تنصیب کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں ٹریفک حادثات سے بچائو اور پیدل سڑک عبور کرنے والوں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے 11اہم مقامات پر بالائی گزر گاہیں (پیڈسٹرین برج) بنائی جاررہی ہیں ان میں سے 3 پیڈسٹرین برج شہید ملت ایکسپریس وے پر نصب کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پیڈسٹرین برجز کی تیاری اور تنصیب کے حوالے سے متعلقہ افسران کوضروری ہدایات دیںاور کہا کہ پیڈسٹرین برجز پر روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے گا تاکہ رات کے اوقات میں بھی شہریوں کو انھیں استعمال کرنے میں سہولت ہو، پیڈسٹرین برجز کی تعمیر کے بعد ان کی مرمت اور صفائی ستھرائی کا بھی خیال رکھا جائے۔