انتہا پسندوں کی دھمکیاں پاکستانی خواتین کو نہ ڈرا سکیں

بھارت میں ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی نہیں کارکردگی کی فکر ہوگی، کپتان


Sports Reporter January 20, 2013
لاہور: بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کیلیے منتخب قومی ویمنز کرکٹر زکا مقامی بیوٹی پارلر کے دورے پر گروپ فوٹو۔ فوٹو : ایکسپریس

بھارتی انتہا پسندوں کی دھمکیاں پاکستانی خواتین کو نہ ڈرا سکیں۔ کپتان ثنا میر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں ہمیں سیکیورٹی نہیں صرف اپنی کارکردگی کی فکر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی دھمکیوں کے بعد بی سی سی آئی نے گرین شرٹس کے میچ ممبئی سے کٹک منتقل کردیے ہیں، وہاں بھی پاکستان مخالف جذبات پائے جاتے ہیں مگر پاکستانی ٹیم کو اس کی کوئی پروا نہیں۔

کپتان ثنا میر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہمیں سیکیورٹی کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بس عمدہ کھیل پر نگاہیں مرکوز کرنی چاہئیں، انھوں نے کہا کہ ابھی تو ہمارے میچز ممبئی سے منتقل کر دیے،اگر ٹیم سپرسکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے تب ورلڈ کپ منتظمین کیا کریں گے کیونکہ تمام میچز ممبئی میں ہی شیڈول ہیں۔



انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے اکثر میچز مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانے ہیں لیکن کٹک میں ایسا ممکن نہیں ہوسکے گا، بھارتی بورڈو آئی سی سی کو میچز کی براہ راست نشریات کے حوالے سے بھی مسائل درپیش ہونگے۔

دریں اثنا کوچ محتشم رشید نے کہا کہ مقابلے کہیں بھی ہوں کوئی خاص فرق نہیں پڑیگا۔ہمیں سیکیورٹی سے زیادہ اس بات کے خدشات ہیں کہ کہیں پاکستان ٹیم ایونٹ میں شرکت سے ہی محروم نہ رہ جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری پلیئرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور شاندار پرفارمنس کیلیے سخت محنت کررہی ہیں، 2007 میں گوہاٹی اسٹیڈیم میں میچ کھیل چکے ہیں، کٹک ہمارے لیے نیا وینیو ضرور ہے مگر ہماری نگاہیں صرف اور صرف عمدہ کھیل پیش کرنے پر مرکوز ہوں گی۔

یاد رہے ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں مریدکے میں جاری ہے، اس دوران پریکٹس میچز بھی کھیلے جا رہے ہیں۔

مقبول خبریں