پاناما تحریک کی کامیابی سے نئے پاکستان کو مستحکم بنیاد میسرآئی ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  منگل 25 اپريل 2017
سپریم کورٹ کا فیصلہ عدل و انصاف کے قیام اور نظام حکومت کی تطہیر کے مواقع فراہم کرے گا، عمران خان۔ فوٹو؛ فائل

سپریم کورٹ کا فیصلہ عدل و انصاف کے قیام اور نظام حکومت کی تطہیر کے مواقع فراہم کرے گا، عمران خان۔ فوٹو؛ فائل

بنی گالہ: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ پانامہ تحریک کی کامیابی سے نئے پاکستان کو مستحکم بنیاد میسر آئی اور 21 برس قبل کرپشن کے خلاف برپا کی گئی تحریک کو رب العزت نے سرفراز کیا۔

تحریک انصاف کے 21ویں یوم تاسیس پر پارٹی چیئرمین عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یوم تاسیس پر تحریک کے ساتھ جڑے اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، 21 برس کی یہ تاریخ نشیب و فراز اور مد و جزر کی داستان ہے، اللہ پاک کا فضل و احسان ہے کہ اس نے ہمیں صبر و استقامت کی دولت عطا فرمائی، یہ تاریخ حقیقت میں خردوجنوں کی باہم کشمکش کی داستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ تحریک کی کامیابی سے نئے پاکستان کو مستحکم بنیاد میسر آئی ہے،21 برس قبل کرپشن کے خلاف برپا کی گئی تحریک کو رب العزت نے سرفراز کیا جب کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عدل و انصاف کے قیام اور نظام حکومت کی تطہیر کے مواقع فراہم کرے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف کے بعد اب آصف زرداری کا پیچھا کروں گا

عمران خان کا کہنا تھا کہ صحیح معنوں میں اقبال اور قائد کا پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تحریک میں جان و مال کی قربانیاں پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور عازمِ منزل بچھڑ جانے والے رفقاء و کارکان کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔