حکومتی سطح پرقومی انسداد دہشت گردی پالیسی جلدبنائی جائے فاروق ستار

منظرامام اوردیگرساتھیوں کے قتل سے ثابت ہوگیاکہ ملک میںسب سے بڑاچیلنج دہشت گردی ہے


Staff Reporter January 20, 2013
عوام اورسیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کردہشت گردی کیخلاف متحد ہوجائیں، سوئم کے بعد گفتگو۔ فوٹو:اے ایف پی/فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی منظرامام اور دیگر ساتھیوں کے سفاکانہ قتل کی واردات سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی اورانتہا پسندی ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کیلیے حکومتی سطح پرجتنی جلد ہواتفاق رائے کے ذریعے قومی انسداد دہشت گردی پالیسی وضع کی جائے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے ہفتے کو حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید منظر امام ، ان کے ڈرائیور اور محافظ عمران مراد ، عمران خان اورساجد احمد کے لال قلعہ گرائونڈ عزیزآباد میں منعقدہ مشترکہ سوئم کے اجتماع میں قرآن و فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ وقت تقاضہ ہے کہ عوام اور سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کردہشت گردی کے چیلنج کے خلاف نہ صرف متحد بلکہ متحرک ہوجائیں۔ انھوں نے کہاکہ ملک بھر میں دہشت گردی کے رجحان میں اضافے سے سیاسی، سماجی سرگرمیاں اور انتخابات کی تیاریاں بھی ایک چیلنج بن گئی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سید منظرامام کی عوامی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اوران کے سفاکانہ قتل سے ہم ، شہید کے اہل خانہ اور پوری قوم ایک بڑے اثاثے سے محروم ہوگئی ہے ۔

13

منظرامام اور ان کے دیگر ساتھیوں کا بہیمانہ قتل بزدلانہ کارروائی اور کھلی دہشت گردی ہے اور اس درندگی کا مظاہرہ طالبان نے کیا ہے۔ انھوں نے منظرامام اور دیگر شہدا کے سوگوار لواحقین سے الطاف حسین اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے تعزیت وہمدردی کا اظہارکیا اور شہداکے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔ایک سوال پرڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ الطاف حسین گزشتہ 5 برس سے ملک کو درپیش خارجی اور داخلی چیلنجوں کی کھل کرنشاندہی کرتے آئے ہیں۔

اس سلسلے میں ہم ن لیگ ، اے این پی ، جماعت اسلامی ، تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی، اتحادی و اپوزیشن جماعتوں کے پاس بھی گئے ہیں، کل اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی کانفرنس بلانے کا عندیہ دیا ہے اور ایم کیوایم نے اس قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ فارو ق ستار نے صدر زرداری اور وزیراعظم پرویزاشرف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور سفاک قاتلوںکوگرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔