برطانوی باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

ویب ڈیسک  اتوار 30 اپريل 2017
میں اپنے حریف ولادیمیر کو مات دے کر بھی اس کی عزت اور احترام کرتا ہوں، انتھونی جوشوا : فوٹو : اے ایف پی

میں اپنے حریف ولادیمیر کو مات دے کر بھی اس کی عزت اور احترام کرتا ہوں، انتھونی جوشوا : فوٹو : اے ایف پی

لندن: برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے یوکرین کے ولادیمرکلٹشکو کو 11 ویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے عالمی نمبر ون کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں 90 ہزار شائقین کے سامنے برطانوی باکسر انتھونی اور ان کے یوکرائنی حریف ولادیمیر کلٹشکو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا، میچ کے 5 ویں راؤنڈ میں جوشوا نے کلشٹکو کو پے در پے وار کرکے زمین پر گرا دیا تاہم یوکرائنی باکسر نے خود کو سنبھالا اور چھٹے راؤنڈ میں مکوں کی بارش کرتے ہوئے جوشوا کو زمین پر گرکر اپنا بدلہ لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن کی نماز پڑھتے تصویر سے برطانیہ میں طوفان کھڑا ہوگیا

گیارہویں راؤنڈ میں یوکرین کے باکسر ولادیمیر کلٹشکو بے حال نظر آئے اور انتھونی نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 بار اپنے حریف کو زمین چاٹنے پر مجبور کیا، اسی راؤنڈ میں انتھونی کے ایک زور دار مکے نے ولادیمیر کو ناک آؤٹ ہونے پر مجبور کر دیا اور ریفری نے انتھونی جوشوا کو فاتح قرار دے دیا۔

ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد انتھونی کا کہنا تھا کہ باکسنگ کے کھیل میں کہا جاتا ہے کہ رنگ میں آنے سے پہلے اپنے غرور کو رنگ سے باہر ہی چھوڑ کر آنا چاہیئے اور اپنے حریف کی عزت کرنی چاہیئے اور یہی وجہ ہے کہ میں ولادیمیر کو مات دے کر بھی ان کی عزت اور احترام کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ 27 سالہ انتھونی جوشوا نے گزشتہ 18 مقابلوں میں تمام حریفوں کو ناک آؤٹ کی بنیاد پر مات دے کر جیتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔