اعصام الحق نے بارسلونا اوپن مینز ڈبلز ٹرافی اپنے نام کرلی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 30 اپريل 2017
اعصام الحق کا یہ رواں برس دوسرا ٹائٹل ہے ۔ فوٹو : فائل

اعصام الحق کا یہ رواں برس دوسرا ٹائٹل ہے ۔ فوٹو : فائل

بارسلونا: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے بارسلونا اوپن کی مینز ڈبلز ٹرافی اپنے نام کرلی۔

اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقدہ ایونٹ میں اعصام نے پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی، اس سے قبل 2015 میں وہ سیمی فائنل میں ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ پاکستان اسٹار نے فائنل میں اپنے پارٹنر رومانیہ کے فلورین مرگیا کے ہمراہ جرمنی کے فلپ پیٹزشینر اور آسٹریا کے الیگزنڈر پیا کو 6-4 اور6-3 سے شکست دیتے ہوئے رواں سال کی دوسری ٹرافی اپنے نام کی۔

قبل ازیں اعصام اور مرگیا نے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈز اور مینز ڈبلز کی نمبر ون جوڑی ہنری کونٹینن اور جان پیئرز کو اپ سیٹ شکست دی تھی جب کہ سیمی فائنل میں جین جولین راجر اور ہوریا تیکاؤ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

یہ اعصام الحق کا رواں برس دوسرا ٹائٹل ہے، اس سے قبل جنوری میں انہوں نے مارسین مٹکووسکی کے ہمراہ آکلینڈ کلاسک ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔