کل الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہرکیمپ لگایا جائے گا
سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس،ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر تحفظات
سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے فوج کے بغیر انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل کو سپریم کورٹ کے احکامات کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بدھ23جنوری کو دن ایک بجے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔
اس بات کا اعلان دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نورحق میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی قیادت میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیا،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرابرجیس احمد، راجہ عارف سلطان، تحریک انصاف کے حفیظ الدین، جمعیت علمائے پاکستان ے محمد مستقیم نورانی، جمعیت علمائے اسلام (س) مولانا غلام مصطفی فاروقی، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، عوامی تحریک کے مظہر راہوجہ، سنی تحریک کے مطلوب اعوان، مسلم لیگ شیر بنگال کے ڈاکٹر صالح ظہور، ڈاکٹر علائو الدین اور دیگر نے شرکت کی۔

رہنمائوں نے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں جس بڑے پیمانے پر بے قاعدگی اور بے ضابطگی ہوئی تھی اس کے خلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھرپور آواز بلند کی تھیں۔