فنکشنل لیگ اور جے یو آئی ف کا ملکر الیکشن لڑنے کا فیصلہ
پیرپگارا کی قیادت پر سیاسی،مذہبی اور قوم پرست جماعتیں اعتماد کرتی ہیں، امتیاز شیخ.
سندھ اور ملک کی سیاسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عام انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کی دیگر سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کو بھی گرینڈ الائنس کا حصہ بنائیں گے پیر پگارا کی قیادت میں سندھ میں پیپلزپارٹی کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے صدر ڈاکٹر خالد سومرو نے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر رفیق بھابھن ، قاسم سراج سومرو ، ند یم مرزا ، میر محمد کھوکھر ، اجمل شاہ موسوی ، گلزار فیروز ، جے یو آئی (ف) کے قاری عثمان ، قاری شیر افضل ، مولانا عبدالکریم ، محمد اسلم غوری اور دیگر بھی موجود تھے، اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے فیصلہ کیا کہ سندھ میں اینٹی پیپلزپارٹی اتحاد بنا کر انتخابات میں حصہ لیا جائیگا، امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پیر پگارا کی قیادت پر سندھ کی سیاسی ، مذہبی اور قوم پرست جماعتیں اعتماد کرتی ہیں ۔