چوتھا ون ڈے بھارت نمبر ون پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلیے پُرعزم

دھونی اور یوراج کو معمولی فٹنس مسائل کا سامنا، انگلش الیون میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع۔


Sports Desk January 23, 2013
دھونی اور یوراج کو معمولی فٹنس مسائل کا سامنا، انگلش الیون میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے بدھ کو موہالی میں کھیلا جائے گا، بھارتی ٹیم سیریز کے ساتھ نمبر ون رینکنگ پوزیشن کو بھی مستحکم کرنے کیلیے پُرعزم ہے۔

گذشتہ دو میچز کی فاتح الیون میں کسی قسم کی تبدیلی کا امکان نہیں البتہ دھونی اور یوراج کو معمولی فٹنس مسائل کا سامنا ہے، رانچی میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی تھی لیکن موہالی میں انگلینڈ کامیابی کی صورت میں دوبارہ ٹاپ پر پہنچ سکتا ہے۔ گذشتہ برس زیادہ تر وقت ساتھیوں کو پانی پلانے والے اجنکیا راہنے اس سیریز کے دوران مسلسل کھیل رہے ہیں۔

مگر گذشتہ دومیچز میں اسٹیون فن کی گیندوں پر بولڈ ہونے کی وجہ سے وہ دبائو کا شکار ہوگئے جس سے باہر آنے کیلیے ایک بڑی اننگز کی تلاش ہے، انگلش الیون میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے، کریگ کیسویٹر کی جگہ جوز بٹلر کو وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر کھلایا جائے گا۔



جیڈ ڈیرن بیچ کی جگہ اسٹورٹ میکیر کو ملنے کا امکان ہے، فیلڈنگ ڈرلز کے دوران اسٹیون فن کی انگلی پر چوٹ لگی مگر ان کے میچ سے قبل فٹ ہونے کی پوری توقع ہے۔ دریں اثنا چوتھے ون ڈے سے قبل پریکٹس کے دوران بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی انگوٹھے پر چوٹ کھا بیٹھے، منپریت سنگھ گونی کی گیند ان کے انگوٹھے پر اس زور سے ٹکرائی کہ منہ سے آہ نکل گئی۔

اس موقع پر ٹیم فزیو مدد کو لپکے، دھونی بار بار اپنے دائیں ہاتھ کو جھٹک رہے تھے، جب درد تھوڑا کم ہوا تو انھوں نے ایک بار پھر نیٹ پریکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا مگر صرف اسپنرز کا سامنا کیا، ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ دھونی موہالی میں بدھ کو شیڈول میچ کھیلیں گے، ان کی تکلیف زیادہ بڑی نہیں ہے۔ اسی طرح یوراج سنگھ گلے میں تکلیف کے سبب بدھ کو پریکٹس سیشن میں حصہ نہ لے سکے، ان کے منیجر کا بھی یہی کہنا ہے کہ وہ جمعرات کے میچ میں حصہ لیں گے۔