پاکستان کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز میں تاریخی فتح

ایڈیٹوریل  منگل 16 مئ 2017

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے روسیو میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو 101 رنز سے ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی ہے، پاکستانی ٹیم نے پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ یہ فتح یونس خان اور مصباح الحق کے لیے بھی بہت اہم ہے کیونکہ دونوں کھلاڑوں کے کیریئر کے آخری میچ میں تاریخی فتح نے ان کی کامیابیوں میں بڑا اہم اضافہ کردیا ہے۔

دنیائے کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کی 65 برسوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ان ہی کے ہوم گراؤنڈ میں تاریخی فتح یقینا قابل ستائش ہے جس پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو وزیراعظم پاکستان نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ مذکورہ میچ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان نے عالمی ٹیسٹ کرکٹ سے رخصتی پر تاریخی کامیابی سے یادگار بنادیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے کیریئر کے اختتام پر اب اس جانب دھیان دینا ہوگا کہ نئے ٹیلنٹ سے یہ خلا جلد پر کرلیا جائے۔

مذکورہ ٹیسٹ سیریز نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دنیا کے ہر کرکٹ میدان میں بہترین کھیل پیش کرسکتی ہے۔ اس وقت دو بڑے کھلاڑیوں کے ٹیم سے بیٹنگ لائن میں خلا پیدا ہوا ہے لیکن اب بھی ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جنھوں نے حالیہ ٹیسٹ میچ میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔ یاسر شاہ سیریز میں 25وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز قرار پائے۔ پاکستان کو اپنی بیٹنگ اور فیلڈنگ لائن پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ حالیہ جیت کے بعد قوم پرامید ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم قوم کو مزید خوشخبریاں دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔