مائیکل جنگ نے گھڑ سواری کی نئی تاریخ رقم کر دی

یورپیئن،ورلڈاوراولمپک ایونٹنگ ٹائٹل جیتنے والے دنیاکے پہلے رائیڈربن گئے


AFP August 01, 2012
ایونٹنگ انفرادی جمپنگ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے جرمن گھڑسوار مائیکل جنگ مسرور (فوٹو ایکسپریس)

لندن گیمز میں جرمن مائیکل جنگ نے گھڑسواری کی نئی تاریخ رقم کردی،وہ یورپیئن، ورلڈ اور اولمپک انفرادی ایونٹنگ ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے رائیڈر بن گئے،جنگ نے اپنی ٹیم کو ٹیم ایونٹنگ گولڈ میڈل بھی جتوایا،

انفرادی مقابلے میں ملکہ ایلزبیتھ کی نواسی زارا فلپس8 ویں نمبر پر رہیں، البتہ ٹیم ایونٹ میں برطانیہ کے سلور میڈل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔قازقستان کی مایا منیزا نے63 کے ویٹ لفٹنگ میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کردیا، ڈائیونگ میں چینی ایتھلیٹس کا غلبہ جاری رہا اور اب تک کے تینوں مقابلوں میں طلائی تمغوں پر قبضہ کرلیا،

81 کے جی مینز جوڈو میں جنوبی کوریا کے کم جائی بم نے جرمنی کے بسچوف سے بیجنگ اولمپکس کا بدلہ لے لیا،مینز اسکیٹ شوٹنگ میں امریکی فوجی ونسینٹ نے ٹائٹل کا دفاع کیا۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے مائیکل جنگ نے لندن گیمز میں گھڑسواری کی نئی تاریخ رقم کردی، وہ گولڈ میڈل حاصل کرکے یورپیئن، ورلڈ اور اولمپک انفرادی ایونٹنگ ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے رائیڈر بن گئے،

یہ برتھ ڈے بوائے مائیکل کیلیے ایک سنہرا دن تھا جس کے آغاز میں اپنے شاندار گھوڑے سام کی بدولت انھوں نے جرمن ٹیم کو ایونٹنگ ٹیم گولڈ جیتنے میں بھی مدد دی، انھوں نے ڈبل اعزاز کے ساتھ اپنی30ویں سالگرہ منائی۔سلور میڈل سوئیڈن کی سارا ایلگوٹسن اوستھولٹ کے نام رہا،قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی خاتون بنتے بنتے رہ گئیں،

ان کا گھوڑا ویگا آخری رکاوٹ پر سے چھلانگ لگاتے ہوئے ٹاپ پول سے ٹکرا گیا تھا، برانز میڈل مائیکل جنگ کی ہموطن سینڈرا اوفارتھ نے حاصل کیا، ساتویں اولمپکس میں حصہ لینے والے آسٹریلیا کے سینئر گھڑسوار اینڈریونکولسن چوتھے نمبر پر رہے، اس ایونٹ میں ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ دوئم کی نواسی زارا فلپس 8 ویں پوزیشن پر آئیں۔ گھڑسواری کے ایونٹنگ ٹیم ایونٹ میں جرمنی نے گولڈ، زارا فلپس کی برطانوی ٹیم نے سلور اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے برانز میڈل پر قبضہ جمایا۔

قازقستان کی مایا منیزا نے ویمنز 63 کے جی ویٹ لفٹنگ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا،یہ قازقستان کا لندن گیمز کے ویمنز ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں دوسراگولڈ میڈل ہے، موجودہ ایشین چیمپئن منیزا نے ایکسل سینٹر میں تماشائیوں کے ہجوم کے سامنے مجموعی طور پر 245 کے جی وزن اٹھا کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ روس کی ورلڈ چیمپئن سویٹلانا تساروکائیوا نے سلور اور کینیڈا کی کرسٹینی گیرارڈ نے برانز میڈل اپنے نام کیا، وہ بیجنگ میں چوتھے نمبر پر رہی تھیں۔ ڈائیونگ ایونٹ میں تیسرا گولڈ میڈل بھی چین کے نام رہا،

ویمنز 10 میٹر سنکرونائزڈ پلیٹ فارم ایونٹ میں ورلڈ چیمپئنز چین رولین اور وان ہائو نے ٹاور پر سے پانچ چھلانگوں پر مجموعی طور پر 368.40 پوائنٹس سمیٹ کر سونے کا تمغہ حاصل کیا، رولین نے بیجنگ اولمپک کے انفرادی 10 میٹر میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ میکسیکو کی پائولا ایسپینوسا سانچیز اور الجینڈرا اوروزکو لوزا نے سلور جبکہ کینیڈا کی میگھن اور روزیلن نے برانز میڈل جیتا۔ چین اس سے قبل ڈائیونگ میں ویمنز 3 میٹر اسپرنگ بورڈ اور مینز 10 میٹر پلیٹ فارم میں بھی سونے کے تمغے حاصل کرچکا

جبکہ اس کی نگاہیں ڈائیونگ کے تمام 8 سونے کے تمغے جیتنے پر مرکوز ہیں۔ ویمنز 63 کلوگرام جوڈو میں یورسکا زولنر نے چین کی ژو للی کو پچھاڑ کر سلووینیا کو اس کھیل میں پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتایا۔ جاپان کی ورلڈ نمبر ون یوشی یوئینو اور ورلڈ چیمپئن فرانس کی جیورس ایمینی نے برانز میڈلز حاصل کیے۔ مینز 81 کے جی جوڈو میں جنوبی کوریا کے کم جائی بم نے جرمنی کے اولے بسچوف سے بیجنگ اولمپکس کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے طلائی تمغے پر قبضہ کرلیا، 27 سالہ کم کو 4 برس قبل بسچوف نے فائنل معرکے میں زیر کیا تھا۔

2009 کے ورلڈ چیمپئن روس کی ایوان نیفونٹوف اور کینیڈا کے اینٹونی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز اسکیٹ شوٹنگ میں امریکی فوجی ونسینٹ ہین کک نے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرلیا، ڈنمارک کے ایندریس نے سلور اور قطر کے نصیر ال عطیہ نے برانز میڈل جیتا۔ چپوئوں والی چھوٹی کشتی کے مقابلے کنوو سی 1 کلاس فائنل میں فرانس کے ٹونی ایسٹنگٹ نے تیسرا گولڈ میڈل جیتا۔

وہ اس سے قبل 2000 سڈنی اور 2004 کے ایتھنز گیمز میں بھی سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ دریں اثنا پیر کی شب ویمنز 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں لتھوینیا کی روٹا نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مینز 200 میٹر فری اسٹائل میں طلائی تمغہ فرانس کے ینیک اینجل کے گلے کی زینت بنا۔امریکا کے میٹم گرویورز نے مینز 100 میٹر بیک اسٹروک اور مسی فرینکلن نے ویمنز 100 میٹر بیک اسٹروک میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ چین نے مینزآرٹسٹک جمناسٹک ٹیم ٹائٹل کا دفاع کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے