لیاقت آباد پانی کی عدم فراہمی کیخلاف مکین سڑک پر نکل آئے

کئی روز سے پانی کی فراہمی بند ہے اور ٹینکر مافیا نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پانی کے نرخ بھی بڑھادیے، مظاہرین


Staff Reporter January 27, 2013
احتجاج کے باعث تین ہٹی سے لیاقت آباد کی جانب جانے والی سڑک ٹریفک کیلیے بند ہوگئی۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: لیاقت آباد میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اوراحتجاج کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں گذشتہ کئی روز سے پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے اور وہ بوند بوندکو ترس گئے ہیں، پانی نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوگئی اور انھیں مہنگے داموں واٹر ٹینکر خریدنا پڑتا ہے، فوری طور پر پانی کی فراہمی معمول پرلائی جائے،احتجاج کے باعث تین ہٹی سے لیاقت آباد کی جانب جانیوالی سڑک ٹریفک کیلیے بند ہوگئی اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آبادکے علاقے سی ون ایریا میں گذشتہ کئی روز سے پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ سے گذشتہ روزعلاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا،مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی،انھوں نے کہا کہ سی ون ایریا میں کئی روز سے پانی کی فراہمی بند ہے اور وہ بوند بوند کو ترس گئے ہیں، انھوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں جان بوجھ کر پانی کی فراہمی بندکی جاتی ہے۔

 



مظاہرین نے بتایا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے انھیں دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے، واٹر ٹینکر خریدے جائیں تو ٹینکر مافیا نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نرخ بھی بڑھادیے اور وہ مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں، پانی نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوگئی اور وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں ، گھروں میں خصوصاً بچوں اور خواتین کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے،اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کردیا اور گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،احتجاج کے باعث تین ہٹی سے لیاقت آباد کی جانب جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی اور ٹریفک جام کے باعث گاڑیوںکی طویل قطاریں لگ گئیں،شہری کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔