فوج شامل نہ ہوئی توفہرستیں تسلیم نہیں کرینگےسیاسی ومذہبی رہنما

سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں ہو رہا، انتخابی عملہ بھی یرغمال بنا ہوا ہے


Staff Reporter January 27, 2013
سراج الحق، محنتی،حفیظ الدین، علی اکبر،مولاناغیاث،صادق خان و دیگر کا خطاب. فوٹو: فائل

مختلف مذہبی اورسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کراچی میں انتخابی فہرستوں کی تیاری میں فوج کو شامل نہ کیا گیا تو انتخابی فہرستیں تسلیم نہیں کی جائیں گی۔

انتخابی فہرستوں کی تیاری میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے ، فوج کو صرف امن وامان کیلیے متعین کیا گیا ہے جبکہ انتخابی عملہ ابھی تک یرغمال بنا ہوا ہے، انتخابی فہرستوں کو شفاف بنانے کیلیے الیکشن کمیشن فی الفور تمام جماعتوں کے مطالبات کو پورا کرے اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کیلیے الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ فوج کو بھی گھر گھر بھیجا جائے ، ان خیالات کا اظہار مذہبی او رسیاسی جماعتوں کے رہنمائوںنے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر ہونیوالے 3روزہ احتجاجی دھرنے کے پہلے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کو ایک بار پھر حادثے سے دوچار کرنے کی تیاری ہورہی ہے، بلوچسان اور قبائلی علاقوں میں عوام کا خون ہورہا ہے، دہشتگردوں نے کراچی کی عوام کو یرغمال بنالیا ہے، انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قوم کو امید بندھی تھی کہ آئندہ انتخابات دہشتگردوں کی شکست کا ذریعہ ہونگے، اگر فخر الدین جی ابراہیم نے فہرستیں درست نہ کرائیں تو ان کا دامن داغدار ہوگا۔

 

1

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہاکہ انتخابی عمل بھی یرغمال بن گیا ہے اور الیکشن کمیشن بے معنی ہوگیا، ایک بار پھر تصدیق کا عمل ایک سیاسی جماعت کے ہاتھوں یرغمال ہورہا ہے، دھاندلی والی فہرستیں قبول نہیں ہونگی، تحریک انصاف کے رہنما حفیظ الدین نے کہا کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں انتخابی بے قاعدگی پر متحد ہیں، ہم ایک بار پھر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

دھرنے سے مسلم لیگ(ن) کے علی اکبرگجر' جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر برجیس احمد، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا محمد غیاث، جمعیت علمائے پاکستان کے مستقیم نورانی، سنی تحریک کے مطلوب اعوان، عوامی تحریک کے مظہر راہوجہ ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے گلزار سومرو، جمعیت علمائے اسلام(س) کے مولانا غلام مصطفیٰ فاروقی، پختونخواہ عوامی ملی پارٹی کے صادق خان مندوخیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔