جانثاران مصطفیؐ کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچائیں گےثروت اعجاز

دورود والوں نے بارود والوں کو مسترد کردیا ہے،میلاد النبی ؐ کے جلوس سے خطاب.


Staff Reporter January 27, 2013
سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری عید میلاد النبیؐ کے جلسے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں خاندانی شخصی سیاست کو دفن کر کے ایمانی قوت رکھنے والے جانثاران مصطفیؐ کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا جائے گا۔

حکومت سندھ 72گھنٹے میں حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار سے منسلک مسجد میں صحیح العقیدہ امام وخطیب کا حکم نامہ فوری بحال کردے بصورت دیگر پی ایس ٹی اس کے خلاف شدید احتجاج کرے گی حکومت کی حلیف جماعت کے قائد جواب دیں کہ اگر وہ طالبان کے خلاف ہیں تو پھر کراچی میں ہمارے سیکٹرز اور یونٹس پر حملوں اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں کون ملوث ہے؟ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ایس ٹی کے تحت جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مرکز اہلسنت سے نکالے جانے والے جلوس کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی رہنما شاہد غوری ، محمدشکیل قادری ، علما بورڈ کے چیئرمین قاری خلیل الرحمان قادری و ارکان مرکزی رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے، میلاد جلوس ایم اے جناح روڈ سے گذرتا ہوا درود سلام کی صدائوں میں نمائش چورنگی پہنچا تو میلاد جلوس کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،اس موقع پر نمائش چورنگی پر پاکستان سنی تحریک کے تحت لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر شرکا میلاد کے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اپنے اسلاف کی تعلیمات اور نظریہ پاکستان کے مطابق انقلاب نظام مصطفی کیلیے قانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کررہی ہے لیکن کالعدم قرار دی جانیوالی جماعت مسلسل عوام اور انتظامیہ کو گمراہ کررہی ہے حکومت اس کا فوری نوٹس لے بصورت دیگر قانون کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

 

3

انھوں نے کہا کہ عاشقان رسول نے جشن ولادت مصطفیؐ کے موقع پر اعلان کیا کہ آئندہ انتخابات میں خاندانی شخصی سیاست کو دفن کر کے ایمانی قوت رکھنے والے جانثاران مصطفی کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا جائے گا،درودو سلام والوں نے ایمانی قوت کے ساتھ کراچی سے خیبر تک داتا کی نگری سے آزاد کشمیر اور بولان تک ذات مصطفیؐ سے اپنی جس عقیدت کا اظہار کیا ہے ، محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں ہماری ریلیوں اور جلسوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، ہماری ریلیوں کو روکا گیا اور جلوسوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ میرپور میں جشن عید میلاد کے موقع پر ایک کارکن کی شہادت اور متعدد کو زخمی کیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہے، انھوں نے اس واقعے کو ظالمان کی کارروائی قرار دیتے ہوئے واقع میں ملوث مذہبی دہشت گردوں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور ان کے مجرموں کے خلاف حکومت اور انتظامیہ نے کارروائی نہ کی تو ہم آئندہ کے لائحہ عمل میں اس حوالے سے بھی اپنے پروگرام کا اعلان کریں گے ۔

انھوں نے سانحہ نشتر پارک کے قاتلوں کو سزا نہ دیے جانے کو حکومت کے غیر ذمے دارانہ رویہ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مقتدر قوتیں محب وطن اور پاکستان دشمن قوتوںمیں امتیاز کریں اگر یارسول اللہ کا نعرہ لگانے والوں کو دیوار سے لگانے کا عمل بند نہ ہوا تو پھرراست اقدام پر مجبور ہو نگے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دورود والوں نے بارود والوں کو مسترد کردیا ہے، سنی تحریک ایک مشن ہے ہم نے اس کا نظریہ کربلا کے میدان سے لیا ہے ،سنی تحریک کے شہداؤں کی قربانی کی وجہ سے پی ایس ٹی مضبوط تناور درخت بن چکی ہے ،شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔