دہشتگردی کیخلاف ترقی پسند قوتوں کو متحد ہونا پڑیگااے این پی

کبھی بھی آمرانہ دور میں حکومت میں شمولیت اختیار نہیں کی،بشیر جان ودیگر


Staff Reporter January 27, 2013
کبھی بھی آمرانہ دور میں حکومت میں شمولیت اختیار نہیں کی،بشیر جان ودیگر۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان نے کہا کہ باچا خان خطے کی تاریخ میں دیگر تمام قومی شخصیات سے زیادہ بلند اور منفرد مقام رکھتے تھے۔

جنگ آزادی کے دوران اپنے منظم قومی کردار کی وجہ سے انھوں نے 1929ء میں خدائی خدمت گار تحریک کی بنیاد رکھی تھی، خدائی خدمت گار تحریک کی انوکھی بات یہ تھی کہ اس میں تشدد نام کی کوئی چیز نہیں تھی اسی لیے فرنگیوں اور ان کے کاسہ لیسوں نے خطے کے کثیر المقاصد عزائم سے خائف ہو کر ان کی قومی حیثیت اور قومی تحریک کو روکنے کی کوشش کی، انھوں نے کہا کہ باچا خان نے ہر آمر اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق کہا اور اس کی پاداش میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

باچا خان کی سوچ اور فکر اور ان کے پیروکاروں نے بھی عدم تشدد کے فلسفے کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی سفر کا آغاز کیا جس کے دوران خان عبدالولی خان کی شخصیت ایک منفرد انداز میں سامنے آئی ، انھوں نے کہا کہ جب پاکستان کا پہلا جمہوری آئین 1973 ء میں بنا تو اس کے بنانے میں ولی خان نے اہم کردار ادا کیا تھا لیکن بدقسمتی سے آئین کے منظور ہونے کے فوراََ بعد حکمرانوں نے اس میں 110ترامیم کر کے اس کا حلیہ بگاڑ دیا ، اپنے قومی وجود اور حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اب جب کے انتخابات قریب ہیں۔

 

6

کراچی کے تمام مظلوم عوام خاص طورپر پختون قومی فریضہ سمجھ کر ووٹ کا اندراج کرائیں، شہر کے موجودہ حالات کے تناظر میں ترقی پسند اور معتدل قوتوں کو یک آواز ہونا پڑے گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ایس 89 کے زیراہتمام شیریں جناح کالونی کیماڑی میں بابائے امن باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی کے سلسلے میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکریٹری رانا گل آفریدی نے کہا کہ اے این پی باچا خان کی خدائی خدمت گار تحریک کا تسلسل ہے اور اس جماعت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کی قیادت نے کبھی بھی آمرانہ دور میں حکومت میں شمولیت اختیار نہیں کی جبکہ آج عوامی نیشنل پارٹی باچا خان کے پوتے اور عبدالولی خان کے بیٹے اسفندیار ولی خان کی قیادت میںمتحد ہے اور اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے جس کی واضح مثال دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کیلیے پارٹی کی قربانیاں عوام کے سامنے ہیں۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی امیر نواب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باچا خان اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد کی وجہ سے آج ہم آزاد ی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں،ہمارا قومی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کارکنان کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اسلاف کے افکار عام کرنے کے لیے شب و روز محنت کریں ،دہشت گردی کے باوجود عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے ۔