سحر وافطار میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی کے الیکٹرک

سوئی سدرن گیس کمپنی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی کویقینی بنائے، کمشنر


Staff Reporter May 28, 2017
سوئی سدرن گیس کمپنی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی کویقینی بنائے، کمشنر۔ فوٹو : فائل

کے الیکٹرک انتظامیہ نے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کو سحروافطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اعجاز احمد خان نے سحروافطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کمشنر کو ان کے دفتر میں ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے اقدامات کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ میں کرائی، اس موقع پرکمشنر نے کے الیکڑک کو ہدایت کی کہ وہ ماہ رمضان میں لو ڈ شیڈنگ میں ممکنہ ریلیف دینے اور کم سے کم لوڈ شیڈنگ کرنے کے ترجیحی اقدامات کرے، اس بات کو یقینی بنائے کہ شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی شکایات کے فوری ازالے کا موثر نظام قائم ہو، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہر میں کسی علاقے میں امن وامان کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

کے الیکڑک انتظامیہ کے نمائندوں نے کمشنر کراچی کو بریفنگ میں بتایا کہ رمضان المبار ک میں کے الیکڑک نے لوڈ شیڈنگ کی کمی کے لیے اقدامات کیے ہیں ،اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بجلی کی فراہمی سے متعلق شکایات کا ہر ممکنہ طور پر جلد از جلد ازالہ ممکن ہو، اس موقع پر کے الیکٹرک کی نشاندہی پر فیصلہ کیا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کے الیکڑک کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی فرحان غنی، کے الیکڑک کے شعبہ ڈسٹری بیوشن کے سر براہ عامرضیا اور دیگر بھی مو جود تھے۔