مفرورملزمان کیخلاف کارروائی نہ کرنے پرپولیس افسران طلب

رقم کے لین دین کے معاملے میں قتل کی دھمکی دی گئی،مقدمہ درج نہیں کیا گیا


Staff Reporter January 27, 2013
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن،ایس ایچ اوسعید آبادکی طلبی. فوٹو: فائل

مفرورملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پرعدالت نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے یونس گل کی درخواست پر ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ایچ اوسعید آباد اور مقدمے کے تفتیشی افسرکونوٹس جاری کرتے ہوئے 30جنوری کو طلب کرلیا،استغاثہ کے مطابق درخواست گزار نے مذکورہ پولیس افسران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ فاضل عدالت کے حکم پر ملزمان غلام محمد ان کے بیٹے اکرم اور شاہد کیخلاف تھانہ سعیدآباد میں مقدمہ درج کرایا تھا،ایک ماہ گزرجانے کے باجود پولیس نے ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

9

مذکورہ افسران کو تحریری طور پر تفتیشی افسر کے رویے کیخلاف درخواست ارسال کی تاہم افسران نے بھی کارروائی کرنے سے انکار کردیا ،بلکہ اسے ہراساں اورسنگین نتائج کی دھمکی دی ہے،درخواست میں مذکورہ پولیس افسران کیخلاف عدالتی کارروائی کرنے کی استدعا کی تھی،واضح رہے کہ ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے رقم کے لین دین کے معاملے میں مدعی کو قتل کی دھمکی دی تھی اورپولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکارکردیا تھا جس پر فاضل عدالت نے ملزمان کیخلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا،عدالت کے حکم پرملزمان کیخلاف قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔