روزے میں صحت و توانائی سے بھرپور غذائیں

سحر و افطار میں خوراک اور پانی کی مقدار کا تناسب بھی صحیح طور برقرار رکھنا بےحد ضروری ہے۔


گرمی کی شدت اور بد احتیاطی بہت سے مسائل کا موجب بنتی ہے، اور انسان یادِ خدا میں مشغول ہونے کے بجائے پریشانیوں میں الجھ کر رہ جاتا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ماہِ رمضان کی آمد سے کئی روز قبل ہی ہمارے گھروں میں ایک جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے۔ بچے جو ابھی سنِ تمیز کو بھی نہیں پہنچے ہوتے وہ بھی والدین سے اپنے معصومانہ انداز میں پوچھتے نظر آتے ہیں،
''بابا میں بھی روزہ رکھوں گا نا؟ آپ اور امی منع تو نہیں کریں گے؟''

ایسی صورتِ حال میں بچوں کے خلوص اور جوش کو دیکھتے ہوئے ماں باپ انہیں روزہ رکھوانے پر راضی ہوجاتے ہیں مگر ساتھ ہی اِس گرمی کے موسم کی شدت اور روزہ کی طوالت اُن کے لیے کسی حد تک گھبراہٹ کا باعث بھی ہوتی ہے۔

اِسی طرح بزرگ حضرات بھی ضعیفی و بیماری کے سبب اکثر اوقات روزہ ترک کرنے پر قطعاً راضی نہیں ہوتے یا بہت سمجھانے کا یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ متبادل دنوں میں روزہ رکھنے پر راضی ہوجاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اکثر اوقات خاتونِ خانہ کو بچوں، بزرگوں بلکہ گھر کے تمام افراد کی صحت کو لے کر بہت سے تحفظات درپیش ہوتے ہیں۔ گوکہ روزہ روحانی صحت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کے لیے بھی ایک بہترین عبادت ہے، مگر سحر و افطار میں خوراک اور پانی کی مقدار کا تناسب بھی صحیح طور برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے۔

دیکھا یہ گیا ہے کہ سحری میں لوگ کافی مرغن غزاؤں کا استعمال کر لیتے ہیں، جب کہ دہی کجھور اور پھل جیسے کہ آڑو، سیب، کیلا، آم وغیرہ موسمِ گرما کے روزوں کے لیے بہترین سحری ہیں۔ بچوں کو آپ شکر اور دہی کے ساتھ پھلوں کا ملاپ کرکے ''فروٹ یوگرٹ'' بنا کر دے سکتے ہیں۔ جبکہ بزرگ بنا شکر کے بھی پھل اور دہی کو یکجا کرکے تناول کرسکتے ہیں۔ میں بحیثیت ایک ہیلتھ پروفیشنل اور ورکنگ وومن یہ سمجھتی ہوں کہ جہاں یہ صحت کے لیے مفید ہے وہاں یہ بنانے میں بھی آسان ہے اور وقت بھی کم درکار ہے۔


فروٹ یوگرٹ


اِس کو بنانے کے لئے آپ چاہیں تو تازہ دہی گھر میں جمالیں یا بازار سے کسی بھی برانڈ کا خرید لیں۔ 2 کپ دہی کو بلینڈر میں ڈالیں، اِس میں ایک چوتھائی کپ دودھ بھی شامل کریں اور جو بھی پھل آپ شامل کرنا چاہیں وہ شامل کیجیے۔

جیسے مجھے آڑو بے حد پسند ہے تو 3 آڑو کاٹ کر ڈالیں اور حسب ذائقہ شکر ملائیے۔ اب انہیں اچھی طرح بلینڈ کریں اور ایک برتن میں نکال کر فریج میں رکھ دیں۔ سحری سے دو یا 3 گھنٹے پہلے بنا کر رکھ دیں، اور جب پیش کرنے لگیں تو ایک آڑو کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر فروٹ یوگرٹ میں شامل کر لیجیئے۔



جیسے سحری میں پراٹھے، انڈے، نہاری، کلچے کھانے کا رواج ہے بعینہ افطار میں بھی پکوڑے، سموسے، کچوریاں اور طرح طرح کی تلی ہوئی اشیاء دسترخوان کی زینت بنتی ہیں۔ لیکن ایسے کھانوں کا بلا ناغہ استعمال مضحرِ صحت ہے۔ چکنائی و چربی میں بھی دو قسمیں موجود ہیں۔ ایک مضحر صحت ہے اور دوسری صحت کے لیے مفید ہے۔ جیسا کہ پنیر وغیرہ کا ایک خاص مقدار میں استعمال صحت کے لیے موزوں ہے۔



اِسی طرح اگر آپ گوشت کو اپنے مینیو میں شامل کرنا چاہتی ہیں تو چکن بروسٹ کے بجائے چکن اسٹیم روسٹ ود بوائیلڈ ویجیٹیبلز ایک غذائیت سے بھرپور پکوان ہے۔ آپ چاہیں تو اِس کے ساتھ بریڈ سلائیس کھائیں چاہیں تو دال چاول کے ساتھ پیش کریں۔ اِس کی سادہ اور آسان سی ترکیب پیشِ خدمت ہے۔


چکن اسٹیم روسٹ ود بوائیلڈ ویجی ٹیبلز


آدھا کلو بون لیس مرغی کا گوشت لیں، اِس میں 1 کپ دہی، 1 چمچ ادرک لہسن پیسٹ، آدھا چمچ پسا ہوا زیرہ، نمک، کالی مرچ اور کٹی ہوئی لال مرچ حسبِ ذائقہ شامل کریں اور کچھ دیر یہ مسالہ لگا کر چھوڑ دیں۔ اب ایک برتن میں تیل گرم کریں اور میرینیٹڈ چکن اِس میں شامل کریں۔ پھر 1 کپ پانی ڈالیے اور درمیانی آنچ پر پکنے کو چھوڑ دیں۔



دوسری جانب ایک برتن میں آلو کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے، باریک کٹی ہوئی گاجر، مٹر اور فرانسیسی سیم (فرینچ بینز) شامل کریں اور اچھی طرح ابالیے۔



یہاں تک کہ تمام سبزیاں گل جائیں۔ آپ بریڈ سلائیس پر مکھن لگائیے سبزیوں میں نمک کالی مرچ ڈال کر خوب مکس کریں اور چکن اسٹیم روسٹ کے ساتھ پیش کیجیے۔ اگر پسند کریں تو چاول کے ساتھ بھی تناول کر سکتے ہیں۔



بیکڈ پوٹیٹوز ود کریم چیز


بچوں کو آلو بہت پسند ہوتے ہیں۔ روز روز فرنچ فرائیز کے بجائے کسی دن بیکڈ پوٹیٹوز ود کریم چیز بھی مفید غذا ہے۔ آلوؤں کو چھلکے سمیت 180 ڈگری پر 20 سے 25 منٹ تک بیک کریں۔ اُنہیں درمیان میں سے آدھا کریں اور اندرونی سطح پر کریم چیز لگائیں۔ یوں ایک مزیدار اسنیک تیار ہوسکتی ہے۔



آپ آلو کو پھانکوں کی صورت میں کاٹ لیں، اِن پر نمک، کالی مرچ، اوریگانو پاؤڈر، روزمیری اور زیتون کا تیل چھڑکیے اور 180 ڈگری پر اوون میں بیک کرلیں۔ ان قتلیوں کو بھی کریم چیز کے ساتھ تناول کرسکتے ہیں۔



تقریباً تمام گھروں میں افطار میں فلیور جوسز، مشروبات اور کاربونیٹد ڈرنکس کا استعمال ہوتا ہے۔ جسمانی طور پر صحت مند اور توانا رہنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ خالص اور تازہ پھلوں کے جوسز کا استعمال کریں۔ جیسے


انجیر کا شیک


انجیر کا شیک اُن لوگوں کے لیے بے حد مفید ہے جو اپنا وزن گھٹانا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ 7، 6 انجیر کے ساتھ 4 سے 5 بادام بھی دودھ میں شامل کرلیں اور چینی کا بالکل استعمال نہ کریں۔ 1 چھوٹا چمچ شہد استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ شیک جہاں گرمی کے بُرے اثرات کا خاتمہ کرتا ہے وہاں نظامِ ہضم اور جسم کی قوت مدافعت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ وزن بڑھنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔



بچوں کو آم، آڑو، کیلا اور خوبانی کی چاٹ بنا کر بھی دی جاسکتی ہے۔ اِس میں حسبِ ذائقہ چینی، نمک، کالی مرچ اور چاٹ مسالہ شامل کریں۔ یہ اِس قدر لذیذ چاٹ ہے کہ ہر بچہ اِس میں شامل پھلوں کو بہت شوق سے کھائے گا، جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ وہ جنک فوڈ سے کافی حد تک بچاؤ ممکن ہوجائے گا۔



ہم اپنی اور اپنے گھر والوں کی غذا کا خیال رکھیں گے تو اِس عظیم مہینے کے فیوض و برکات سے صحیح طور پر بہرہ مند ہوسکیں گے۔ ورنہ گرمی کی شدت اور بد احتیاطی بہت سے مسائل کا موجب بنتی ہے، اور انسان یادِ خدا میں مشغول ہونے کے بجائے پریشانیوں میں الجھ کر رہ جاتا ہے۔

اُمید ہے قارئین کے لیے میری یہ چند ہدایات اور تراکیب مفید ثابت ہوں گی۔ اپنی عبادات اور دعاؤں میں مجھے بھی یاد رکھیے گا۔ اللہ ہماری اِس قلیل سی کاوش اور عابدات کو اپنی بارگاہ میں خیر کثیر کا موجب قرار دے۔
آمین یا رب العالمین

 

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا لکھاری کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی۔