قبل از انتخابات دھاندلی روکی جائے بدامنی کے ذمے دار چیف الیکشن کمشنر ہوں گے سیاسی و مذہبی اور قوم پرست ر?

محمد حسین محنتی ،سلیم ضیا،سیف الرحمن، حفیظ الدین، مستقیم نورانی،مطلوب اعوان،مظہر راہجو و دیگر کا دھرنے سے خطاب


Staff Reporter January 28, 2013
ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کے خلاف الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مختلف جماعتوں کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے شرکا۔ فوٹو: ایکسپریس

مختلف سیاسی و مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل شفاف نہ بنا کر قوم کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

فخرالدین جی ابراہیم نے عوام کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا، الیکشن کمیشن سندھ عدالتی نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت کے احکامات پر عمل کر رہا ہے، قبل ازانتخابات دھاندلی نہ روکی گئی تو بدامنی کے ذمے دار چیف الیکشن کمشنر ہوں گے، دھرنا کراچی نہیں بلکہ ملک کے دفاع کیلیے ہے، اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسلام آباد پارلیمنٹ ہائوس سے الیکشن کمیشن تک مارچ کریں گے۔

ان خیالات کاا ظہارکراچی میں گھر گھر جاکر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل غیر شفاف ہونے کے خلاف ہفتہ کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر مختلف سیاسی و مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے دیے گئے3روزہ دھرنے کے دوسرے روز مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

8

اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان سندھ کے امیرمعراج الہدیٰ صدیقی،کراچی کے امیر محمد حسین محنتی ،بر جیس احمد ،نصراللہ شجیع ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے،سلیم ضیا ایڈووکیٹ،پاکستان تحریک انصاف کے سیف الرحمن، حفیظ الدین ایڈووکیٹ،جمعیت علماء اسلام (ف ) کے مولانامحمد غیاث ،جمعیت علمائے اسلام ( س)غلام مصطفی فاروقی،جمعیت علماء اسلام نظر یاتی عبدالحمید شیرازی،جمعیت علمائے پاکستان کے مستقیم نورانی، سنی تحریک کے مطلوب اعوان، سندھ یونائیٹڈپارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ، خواجہ نوید،عوامی تحریک کے مظہر راہجو،سندھ ترقی پسند پارٹی کے گلزار سومرو،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سکندر خان یوسفزئی، عوامی جمہوری پارٹی کے غلام قمبراور دیگر نے بھی خطاب کیا، معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کیلیے دھرنا کراچی کے عوام کے تحفظ کی جنگ ہے۔

4سال کے دوران شہر میں 11ہزار افراد کو قتل کیا گیا، پاکستان کی عوام کو عدالت کے احکامات سمجھ آتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کویہ احکامات کیوں سمجھ نہیں آئے اور اس کے برخلاف فوج کے اہلکاروں کی غیر موجودگی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے،سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ سندھ کے سیاسی نظام کو یر غمال بنا یا گیا ہے، یہاں دہشت گردی کی جاتی ہے،ایسی کوئی ووٹر لسٹیں لوگوں کو قابل قبول نہیں ہونگی جو زبردستی اور جعل سازی کے ذریعے تیار ہونگی۔

سلیم ضیا نے کہا کہ جب فخرالدین جی ابراہیم کو چیف الیکشن کمشنر بنایا گیا تھا تو ہمارے سر فخر سے بلند ہوگئے تھے کہ ایک بہادر اور جرت مند شخص آیا ہے لیکن انھوں نے قوم کو مایوس کیا، عدالتی احکامات کے باوجود فوج اور ایف سی کا کوئی اہلکار عملے کے ساتھ نظر نہیں آتا، فخرالدین نے اسلام آباد میں اعلان کیا تھا کہ نئی حلقہ بندیاں کرائی جائیں گی لیکن معلوم نہیں کہ کون سے عوامل تھے کہ کراچی میںنئی حلقہ بندیوں سے کا منع کردیا گیا۔