اہلسنت و الجماعت کے یوم احتجاج پر شہر میں مظاہرے

مولانا معاویہ اعظم،علامہ فرقان ،اورنگزیب فاروقی،مولانا اللہ وسایا اور دیگر کا خطاب


Staff Reporter January 28, 2013
اہلسنت و الجماعت کے تحت لسبیلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیاجارہاہے۔ فوٹو: ایکسپریس

اہلسنت و الجماعت کے تحت مسلمانوں کی مقدس شخصیات، صحابہؓ اور اہلبیت کی شان میں گستاخی،اہلسنت کے بدترین قتل اور خیرپور میں تحفظ اہلسنت ریلی پر فائرنگ کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔

کراچی میں لسبیلہ چوک ،ناگن چورنگی ،داؤد چورنگی ،لیمارکیٹ اور بنارس چورنگی پر پرامن احتجاج ریکارڈ کروایا گیا جس میں اہلسنت و الجماعت کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما مولانا معاویہ اعظم ،سنی علما کونسل کے علامہ فرقان و دیگر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،انھوں نے کہاکہ حکومت اہلسنت کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

اہلسنت و الجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ اورنگزیب فاروقی نے اجتماعات سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سال صرف کراچی میں ہمارے 300سے زائد کارکنان کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 2013کے پہلے مہینے میں اب تک درجنوں کارکنان کے جنازے اٹھا چکے ہیں لیکن آج تک حکومت نے نہ قاتل گرفتار کیے اور نہ کسی شہید کے ورثا کیلیے معاوضے کا اعلان کیا، اگر ہمارے پرامن احتجاج پر حکومت نے کان نہ دھرے اور ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو بہت جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

 

10

دوسری جانب اہلسنت و الجماعت کراچی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد فیاض و دیگر نے لسبیلہ چوک پر مظاہرین سے خطاب میں کہاکہ حکومت ملک بھر میں اہلسنت کیساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کررہی ہے، انھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اہلسنت کیساتھ یہ رویہ انتہائی شرمناک ہے، لیمارکیٹ میں اہلسنت و الجماعت کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے اہلسنت والجماعت کے صوبائی رہنما مولانا تاج محمد حنفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحابہ ؓ و اہلبیت ؓ کی ناموس ہرمسلمان کیلیے دل و جان سے عزیز ہے۔

داؤد چورنگی پر ہزاروں اہلسنت کارکنان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ،احتجاجی مظاہرے سے مولانا اللہ وسایا صدیقی ،مولانا محی الدین شاہ ،مولانا طارق مسعود اور دیگر نے خطاب کیا اور اہلسنت کیساتھ ہونے والی زیادتیوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی،جبکہ بنارس چورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الحمید تونسوی ور دیگر نے کہاکہ حکومت کا اہلسنت کیساتھ ظالمانہ رویہ سراسر ناانصافی اور تعصب پر مبنی ہے۔