فوج اورعدلیہ کو متنازع بنانے والے شریف برادران کسی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے سابق گورنر پنجاب

عدلیہ اور میڈیا پر حملے مسلم لیگ (ن) کی پرانی تاریخ ہے، مخدوم احمد محمود


ویب ڈیسک June 01, 2017
آمریت کے پیروکار ماضی کی طرح اقتدار پر مسلط رہنا ان کا شوق اور معمول بن چکا ہے، سابق گورنر پنجاب فوٹو : فائل

سابق گورنر پنجاب اور رہنما پیپلز پارٹی مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ فوج میڈیا اور عدلیہ کو متنازعہ بنا کر ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے اقتدار پر قابض ہونے والے شریف برادران کسی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔

پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور میڈیا پر حملے مسلم لیگ (ن) کی پرانی تاریخ ہے اور ایک جھوٹ کو چھپانے کے لئے 100 جھوٹ بولے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج، عدلیہ اور میڈیا کو متنازع بنا کر ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے اقتدار پر قابض ہونے والے شریف برادران کسی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے دعویدار راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ نہال ہاشمی جذبات میں آ کر وہ سچ بول گئے جو حقیقت تھا، وزیر اعظم کی طرف سے عدلیہ کے خلاف زہر اگلنے کے بعد لیا جانے والا نام نہاد نوٹس کھلا ڈرامہ ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ اپنے مزاج کے برعکس حکم عدولی اور فیصلہ کرنے والی عدلیہ پر حملہ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا، یہ اسی بات کا پیش خیمہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اہم مرکزی رہنماؤں کے بعد اب نہال ہاشمی نے بھی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کھلے عام اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کو یہ پیغام دیکر ثابت کر دیا کہ ان کی کوئی حیثیت نہیں۔ آمریت کے پیروکار ماضی کی طرح اقتدار پر مسلط رہنا ان کا شوق اور معمول بن چکا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ شریف خاندان پاکستانی قوم کے اربوں روپے لوٹ کر باہر منتقل کر کے جائیدادیں بنانے میں مصروف ہے اور مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے لیکن قوم حکمرانوں کو لوٹے ہوئے اربوں روپے ہضم نہیں ہونے دے گی۔

مقبول خبریں