کشمیر نہ بلتستان؛ پی ایس ایل تھری کیلیے چھٹی فرنچائز ملتان ہو گی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 2 جون 2017
دبئی کے پراپرٹی گروپ نے 5.2 ملین ڈالر میں خریدا، مہنگی ترین ٹیم بن گئی۔ فوٹو : فائل

دبئی کے پراپرٹی گروپ نے 5.2 ملین ڈالر میں خریدا، مہنگی ترین ٹیم بن گئی۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  کشمیر نہ بلتستان، پی ایس ایل تھری کیلیے چھٹی فرنچائز ملتان ہو گی۔

ملتان 5.2 ملین ڈالرز کے ساتھ ایونٹ کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی۔ اس کے لیے پی سی بی کو 10 سے زائد بڑی پیشکشیں موصول ہوئیں تاہم دبئی سے تعلق رکھنے والے پراپرٹی گروپ کی جانب سے سب سے زیادہ 5.2 ملین ڈالر کی پیشکش منظور کر لی گئی۔ قبل ازیں کراچی کنگز 2.6 ملین ڈالرز کے ساتھ ایونٹ کی مہنگی ترین فرنچائز تھی۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشنز میں پانچ ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں شامل تھیں۔ دوسرے ایڈیشن سے قبل بھی چھٹی ٹیم کے اضافے کی کوشش کی گئی تھی تاہم فرنچائز مالکان کی جانب سے مخالفت کے بعد یہ معاملہ موخر کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ چاروں صوبائی اور وفاقی دارالحکومت کی  ٹیموں کے بعد پی ایس ایل میں آنے والی چھٹی ٹیم کشمیر یا گلگت بلتستان کے نام سے ہو گی تاہم اب  اس کو ملتان سے منسوب کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔