رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو ایک بار پھر چیمپئنزلیگ کا فاتح بنوا دیا

ویب ڈیسک  اتوار 4 جون 2017

 لندن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور ریال میڈرڈ میں ستون سمجھنے والے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں 2 گول کر کے نا صرف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ 12 ہویں بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی دلوایا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انگلینڈ کے علاقے کارڈف کے گراؤنڈ میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ریال میڈرڈ نے حریف ٹیم جووینٹس کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 12 بار فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جو مجموعی طور پر ایک ریکارڈ ہے۔

میچ کی اہم بات اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے 2 گول تھے جنہوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور مجموعی طور پر اب رونالڈو چیمپئنز لیگ کے 140 میچز میں 105 گول کر کے یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں جب کہ چیمپئنز لیگ کے 3 فائنلزمیں گول کرنے والے واحد کھلاڑی بھی رونالڈو ہی ہیں۔

چیمپئنز لیگ کے فائنل میں کامیابی کے بعد ریال میڈرڈ کی ٹیم  اب اس اعزاز کو 12 بار حاصل کرنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے جب کہ گزشتہ 4 سیزن میں تیسری بار ریال میڈرڈ نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ ریال میڈرڈ کے کوچ اور فرانس کے سابقہ بین الاقوامی کھلاڑی زین العابدین زیڈان نے گزشتہ برس ہی ٹیم کی ذمہ دارایاں سنبھالی تھیں اور اب ان کی کوچنگ میں ٹیم نے 2 بار مسلسل چیمپئنز لیگ کا فائنل حاصل کرکے اپنے کوچ کا نام بھی اونچا کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔