دوسرے ٹوئنٹی20 کے بعدایم سی جی میدان جنگ بن گیا

بارش سے متاثرہ میچ میں مہمان سائیڈ کی 2 رنز سے کامیابی پر پلیئرز میں گرما گرمی۔


Sports Desk January 29, 2013
میلبورن: دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کے اختتام پر آسٹریلوی اور سری لنکن کرکٹرز میں گرما گرمی کا ایک منظر، مہمان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹوئنٹی 20 کے بعد ایم سی جی میدان جنگ بن گیا۔

بارش سے متاثرہ میچ میں مہمان سائیڈ کی 2 رنز سے کامیابی پر پلیئرز میں گرما گرمی ہوئی، ایک دوسرے سے سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا، تشارا پریرا گلین میکسویل پر مسلسل فقرے کستے رہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے آسٹریلیا کو بارش سے متاثرہ دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 2 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔

میچ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے الجھ پڑیں۔ 162 رنز کے تعاقب میں جانے والی آسٹریلوی ٹیم کو اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے 15 اوورز میں 122 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا، یہ فیصلہ سامنے آنے کے بعد میزبان سائیڈ کو 30 بالز پر مزید 62 رنز بنانے تھے، جب میچ آخری اوور میں داخل ہوا تو فتح کے لیے 18 رنز درکار تھے، تشارا کی پہلی گیند پر دو رنز بنانے کے بعد کپتان بیلی اگلی بال پر وکٹ کیپر کوشل پریرا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوںنے 45 رنز اسکور کیے۔



اگلی نوبال پر دو رنز ملے جبکہ تیسری گیند پر مارش نے ایک رن لے کر اسٹرائیک گلین میکسویل کو دی جنھوں نے لگاتار دوچوکے جڑدیے، اس طرح آخری گیند پر فتح کے لیے مزید تین رنز درکار تھے، اتنے میں تمام سری لنکن کھلاڑی بولر کے گرد جمع ہوگئے اور ان کو مشورے دینے لگے، اس پر میکسویل غصے میں آگئے اور وہیں سے چلا کر گیند کرنے کو کہا جس پر سابق کپتان مہیلا جے وردنے نے بھی پلٹ کر ان کو زوردار جواب دیا، پریرا کی آخری گیند میکسویل سے ضائع ہوئی بائی کا ایک رن بنا اور سری لنکن کھلاڑیوں نے جشن منانا شروع کیا۔

اس موقع پر پھر میکسویل اور جے وردنے میں گرما گرمی شروع ہوئی، قریب میں موجود پریرا اچھل کود سے آسٹریلین بیٹسمین کا غصہ بڑھاتے رہے، اس دوران ان کے دیگر ساتھی بھی میدان میں آگئے ، دونوں جانب سے کافی تلخ کلامی ہوئی اور پھر کھلاڑی ہاتھ ملاتے ہوئے واپس چلے گئے۔ اس سے قبل سری لنکا نے 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 161 رنز بنائے، مہیلا جے وردنے 61 رنز پر ناقابل شکست رہے۔