الیکشن میں لازمی حصہ لیں گے نوگوایریاز کا خاتمہ ضروری ہے
ووٹرز فہرستوں کا تصدیقی عمل فوج اور ایف سی کی نگرانی میں شروع کیا جائے، آفاق احمد.
KARACHI:
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں گھر گھر ووٹرز فہرست کے تصدیقی عمل کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ازسرنو تصدیقی عمل فوج اور ایف سی کی نگرانی میں شروع کیا جائے۔
ہماری جماعت انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ،نوگوایریاز کا خاتمہ ضروری ہے ،صوبائی الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 10فیصد کام کو دوبارہ شروع کیا جائے گا اور نقائص سامنے آنے پر تمام کام ازسرنو ہوگا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آفاق احمد نے کہا کہ شہر میں خوف و ہراس کی وجہ سے لوگ اپنا سرمایہ باہرمنتقل کررہے ہیں،جب تک قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا نہیں دی جاتی اور عوام میں خوف ختم نہیں ہوگا، انھوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا،انھوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹرز فہرست سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مکمل کی جائیں، اس حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ہماری جماعت کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ہے،وفاق کو کوئی ایسا عمل کرنے سے گریز کرنا چاہیے ، نواز شریف کے دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے ،انھوں نے کہا کہ انھیں ذاتی دلچسپی لے کر مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔