پاریش راول پاکستانی ڈراموں میں کام سے متعلق بیان سے مکر گئے

پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی کبھی خواہش ظاہر نہیں کی، پاریش راول


ویب ڈیسک June 08, 2017
میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا؛پاریش راول

پاریش راول نے اپنے حالیہ بیان سے مکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی خواہش ظاہر نہیں کی میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔

دو روز قبل بھارتی اداکار پاریش راول نے بھارتی ڈراموں کو بورنگ اور بیکار قرار دیتے ہوئے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ مجھے پاکستانی ڈراموں ، فلموں اور شوز میں کام کرنے کا بے حد شوق ہے ،انہوں نے پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ''ہم سفر'' کو اپنا پسندیدہ ڈرامہ قرار دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے سخت خلاف ہیں ،کھلاڑی اور آرٹسٹ ہمارے ملک میں دہشتگردی کرنے نہیں آتے بلکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان فاصلے مٹانے کا کام کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاریش راول بھی پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کے خواہشمند

پاریش راول کے اس بیان پر بھارتی میڈیا میں طوفان اٹھ کھڑا ہوا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد پاریش راول نے یوٹرن لیتے ہوئے دوسرا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ میں پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں اور نہ ہی یہ میری خواہش ہے ، اس کے علاوہ میں نے بھارتی ڈراموں کو بورنگ اور بیکار نہیں صرف ''سست'' کہا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن پاریش راول ماضی میں کئی بار پاکستان مخالف بیانات دے چکے ہیں ،لہٰذا دو روز قبل پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں دیا جانے والا بیان بھارتی انتہا پسندوں کو پسند نہیں آیا جس کے باعث انہیں اپنا بیان بدلنا پڑا۔

مقبول خبریں