کوسٹ گارڈز کا لانچ پر چھاپہ 3ہزار کلو چرس برآمد

اسمگلراسپیڈ بوٹس کے ذریعے فرار ،منشیات کی مالیت 22 کروڑ روپے ہے۔


Staff Reporter January 30, 2013
اسمگلر اسپیڈ بوٹس کے ذریعے فرار ،منشیات کی مالیت 22 کروڑ روپے ہے. فوٹو: وکی پیڈیا

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے قریب کھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے لانچ سے 3 ہزارکلوگرام چرس برآمد کرلی۔

چرس کی مالیت 22 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ،پاکستان کوسٹ گارڈزکے ترجمان میجر ظفر احمد صدیقی کے مطابق سمندری پٹرولنگ کے دوران ایک مشکوک لانچ کو غیرمتوقع جگہ پر پایا گیا ،عملے سے جب دریافت کیا گیا تو انھوں نے انجن کی خرابی کا بہانہ بنایا تاہم کوسٹ گارڈ نے شک کی بنیاد پر ریڈار کے ذریعے لانچ کی نگرانی شروع کردی۔



رات گئے تین اسپیڈ بوٹس کو مذکورہ لانچ کے قریب دیکھا گیا جس پر پٹرولنگ ٹیم نے فوری کارروائی کی ، کوسٹ گارڈ کو اپنی جانب آتا دیکھ کر اسمگلر اسپیڈ بوٹس کے ذریعے لانچ چھوڑ کر فرار ہوگئے ، مذکورہ لانچ کے خفیہ حصوں سے 3 ہزار کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت عالمی منڈی میں 22 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔