شیخ رشید قرآن پر ہاتھ رکھ دیں تو انہیں معاف کر دوں گا ملک نور

میں (ن) لیگ کا گلو بٹ ہوں اور اپنا حق لینے کے لئے ہرقسم کی قانونی چارہ جوئی کروں گا، ملک نوراعوان


ویب ڈیسک June 10, 2017
شیخ رشید ماضی میں نوازشریف کے جوتے سیدھے کرتے تھے اور آج ان کے خلاف باتیں کرتے ہیں، ملک نور۔ فوٹو: فائل

پارلیمنٹ کے باہر شیخ رشید سے جھگڑا کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکن ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ اگر شیخ رشید نے میرے پیسے نہیں دینے تو وہ قرآن پر ہاتھ رکھ بول دیں، میں انہیں معاف کر دوں گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے پارلیمنٹ کے باہر جھگڑا کرنے والے ملک نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد کا رہائشی ہوں اور تقریباً 1998 سے شیخ رشید سے پیسوں کا تقاضا کر رہا ہوں، شیخ رشید نے 22 لاکھ کی گاڑی لی تھی اور شپمنٹ پر 2 لاکھ روپے کے اخراجات آئے تھے، پیسے مانگنے پر شیخ رشید نے ڈیل کروانے والے سے بات کروانے کو کہا اور متعدد بار پیسوں کی واپسی کا وعدہ بھی کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پارلیمنٹ کے باہر شہری کا شیخ رشید سے جھگڑا

ملک نور اعوان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو پیسوں کی واپسی کے لئے با رہا خطوط بھی لکھے اور ایک بار ائیرپورٹ پر شیخ رشید سے ملاقات کر کے بھی رقم کا تقاضا کیا جبکہ 2 سال قبل تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ اندراج کی درخواست بھی کی لیکن شنوائی نہ ہوئی۔

ملک نور نے کہا کہ 8 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس دیکھنے گیا تھا اور شیخ رشید کو پارلیمان میں تقریر کرتے دیکھ کر ان سے ایک بار پھر بات کرنے کا سوچا اور اسی سوچ کے تحت پارلیمنٹ کے اندر رقم واپسی کے لئے حتمی بات کرنے کو کہا، شیخ ریشد نے اسمبلی میں حملے کا شور کر دیا اور سب نے دیکھا کہ میں نے نہیں انہوں نے میرے ہاتھ پکڑ رکھے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پارلیمنٹ ہاؤس میں شیخ رشید سے الجھنے والے (ن) لیگی رہنما کی ضمانت منظور

نور اعوان کا کہنا تھا کہ شور شرابا ہونے پر مجھے پارلیمنٹ کے کمرے میں بلا کر بعد ازاں تھانے منتقل کر دیا گیا جو سراسر زیادتی ہے، میں تو اپنا حق مانگ رہا ہوں لیکن پھر بھی میری ایک نہ سنی گئی اور پولیس نے بھی میرے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا جبکہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بھی حق کی بات کرنے کے بجائے مجھے برا بلا کہا، انہیں تو کسی کو بھی کچھ کہنے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیئے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ پیسے مانگنے والا سارا معاملہ ایک طے شدہ منصوبہ تھا، اگر یہ سچ ہے تو شیخ رشید مسجد میں جا کر قرآن پر ہاتھ رکھ کہ انہوں نے میرے پیسے نہیں دینے تو میں انہیں معاف کر دوں گا، مجھے شیخ رشید نے گلو بٹ کہا تو ہاں میں (ن) لیگ کا گلو بٹ ہوں اور اپنا حق لینے کے لئے ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کروں گا، شیخ رشید ماضی میں نوازشریف کے جوتے سیدھے کرتے تھے اور آج ان کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔

مقبول خبریں