8 ٹیموں میں ٹرافی پر قبضے کیلئے زور دار معرکہ آرائی

افتتاحی مقابلے میں آج میزبان بھارت کاویسٹ انڈیز سے سامنا، پاکستان کو پہلے میچ سے قبل اڑیسہ کے ہاتھوں شکست۔


AFP/Sports Desk January 31, 2013
ممبئی: وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کی سارا میگلیشن اسٹریٹ چھکا لگارہی ہیں، عقب میں انگلش وکٹ کیپر سارا ٹیلر موجود، ورلڈ کپ کا آغاز آج ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: ویمنز کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ جمعرات سے بھارت میں سجے گا، 8 ٹیموں میں ٹرافی پر قبضے کیلیے زوردار معرکہ آرائی ہوگی۔

مردوں کے کھیل میں خواتین اپنی حیثیت منوانے کی کوشش کریں گی، پاکستانی ٹیم کے خلاف بھارتی انتہا پسندوں کے مظاہروں سے ایونٹ نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی، افتتاحی مقابلے میں میزبان ٹیم ممبئی میں ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی، گرین شرٹس اپنے سفر کا آغاز پانچ مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ آسٹریلیا کے خلاف جمعے کو کریں گی، انھیں اڑیسہ کے ہاتھوں دوسرے وارم اپ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق 10 ویں ویمنز ورلڈ کپ کا آغاز جمعرات سے بھارت میں ہورہا ہے۔

یہ ایونٹ مردوں کے ورلڈ کپ سے بھی دو برس قبل یعنی 1973 میں شروع ہوا تھا، سب سے زیادہ آسٹریلیا نے 5 مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، انگلینڈ کی ٹیم تین بار فاتح رہی، اس مرتبہ ٹورنامنٹ کی میزبانی وہ ملک کررہا ہے جس میں کرکٹ کی ایک طرح سے پوجا کی جاتی ہے، مگر دیوانگی کی حد تک کھیل سے لگائو صرف مردوں کی کرکٹ تک ہی محدود ہے، اکثریت کو اس بات کا علم نہیں کہ ان کی ویمنز ٹیم کی کپتان کون ہے۔ دوروز قبل تک دنیا کی 7 ویمنز ٹیمیں ممبئی کے مشہور ہوٹل تاج میں مقیم تھیں مگر کسی نے بھی ان کا نوٹس نہیں لیا۔



ہوٹل سے باہر متھالی راج اور ان کی ساتھیوں سے کوئی آٹوگراف تک لینے والا نہیں تھا۔ مردوں کے اس کھیل میں خواتین کرکٹرز کو اپنی حیثیت منوانے کا سخت ترین چیلنج درپیش ہے۔ پانچویں مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ کھیلنے والی انگلش کپتان شارلوٹ ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ جب میں نے 1997 میں پہلا عالمی ٹورنامنٹ کھیلا اس کے مقابلے میں اب لوگوں کی توجہ زیادہ اس جانب مبذول ہونے لگی ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ ایونٹ ویمنز کرکٹ کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنے گا۔

یہ ایونٹ ابتدائی طور پر ممبئی میں ہی شیڈول تھا تاہم پاکستانی ویمنز ٹیم کے خلاف شیو سینا کے دہشتگردوں کی دھمکیوں کے بعد گروپ بی کے میچز کٹک منتقل کردیے گئے، ہندو انتہا پسندوں کے مظاہروں اور دھمکیوں کی وجہ سے ویمنز ورلڈ کپ نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور اس کی اچھی خاصی تشہیر ہوگئی ہے۔ پاکستان اپنا سفر جمعے سے آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع کرے گا تاہم بدھ کو اسے اڑیسہ الیون کے ہاتھوں چار وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،ایک روز قبل گرین شرٹس نے میزبان سائیڈ کے خلاف 95 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

دوسرے مقابلے میں گرین شرٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز پر آئوٹ ہوگئیں، بسمہ معروف 44، نین عابدی 29 اور کپتان ثنا میر 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، سشری پردھان نے تین وکٹیں لیں۔ جواب میں اڑیسہ الیون نے ہدف7 گیندیں قبل 6 وکٹ پر حاصل کرلیا، سواگتیکا راٹھ نے51 رنز بنائے، ندا ڈار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔