کراچی جیل سے فرار قیدیوں کی تلاش میں پولیس کے مختلف علاقوں میں چھاپے

قیدی جیل میں سرونٹ کوارٹر میں پناہ لینے کے بعد فرار ہوئے، ذرائع


ویب ڈیسک June 15, 2017
دونوں قیدیوں کے فرار میں جیل کا عملہ مبینہ طور پر ملوث ہوسکتا ہے ، پولیس: فوٹو: فائل

سینٹرل جیل سے گزشتہ روز فرار ہونے والے 2 قدیوں کی تلاش میں مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ چھاپے مارے جارہے ہیں اور اس دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دوروزقبل کراچی سینٹرل جیل سے فرارہونے والے دونوں قیدی اب تک پولیس کے ہاتھ نہیں لگ سکے ہیں، دونوں قیدیوں کی تلاش میں پولیس کی جانب سے قائد آباد ، گلشن اقبال لیموں گوٹھ ، غوثیہ کالونی، پی آئی بی کالونی اورلانڈھی میں چھاپے مارے گئے ہیں جب کہ کینٹ اسٹیشن، بس اڈوں اورکراچی سے باہرجانے والے راستوں کی ناکہ بندی سخت کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں سے 6 مشتبہ افراد کوحراست میں بھی لیا گیا ہے۔

 

اس خبرکوبھی پڑھیں: سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد پولیس کی ملی بھگت سے فرار

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ محمد ممتازعرف فرعون عرف شیرخان عرف شہزاد عرف بھائی ولد شیخ محمد مسلم عرف شیخ محمد اسلم عرف محمد سلیم اور محمد احمد خان عرف منا ولد محمد شفیع کوفرارکرانے میں جیل کا عملہ مبینہ طور پر ملوث ہوسکتا ہے کیونکہ دونوں قیدی جیل میں سرونٹ کوارٹر میں پناہ لینے کے بعد جیل سے فرار ہوئے۔

واضح رہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 خطرناک دہشت گرد شیخ محمد ممتازعرف فرعون عرف شیرخان عرف شہزاد عرف بھائی ولد شیخ محمد مسلم عرف شیخ محمد اسلم عرف محمد سلیم اور محمد احمد خان عرف منا ولد محمد شفیع منگل کی شب فرارہوگئے تھے، فراردہشت گردوں کو چند سال قبل سی ٹی ڈی پولیس نے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور بم دھماکے میں ملوث ہونے پر گرفتارکیا تھا۔

مقبول خبریں