کابل میں مسجد پر خود کش حملے میں 3 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 15 جون 2017
دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے — فائل فوٹو

دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے — فائل فوٹو

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل کی مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق مشتبہ خود کش بمبار نے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب کابل میں واقع مسجد الزہرا کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم داخلی دروازے پر موجود پولیس اہلکار نے اسے روک لیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے فائرنگ شروع ہونے کے بعد حملہ آور بھاگ کر کچن میں چھپ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی البتہ طالبان اور داعش ماضی میں اس طرح کے حملے کرتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب رمضان المبارک کے مہینے کی وجہ سے مساجد میں معمول سے زیادہ رش ہوتا ہے۔ گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں اسی طرح کے ایک حملے میں 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

اسی طرح جولائی کے مہینے میں مظاہرین پر ہونے والے حملے میں 80 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ کابل میں ہونے والے ایک ٹرک بم دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔