پاک فوج کے سربراہ کی ترک صدراوروزیردفاع سے ملاقات

ویب ڈیسک  بدھ 21 جون 2017
آرمی چیف نے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن واستحکام کیلیے ترکی کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف نے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن واستحکام کیلیے ترکی کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

 انقرہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن واستحکام کیلیے ترکی کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر طیب اردوان نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک عالمی امن واستحکام میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کیلیے او آئی سی کا پلیٹ فارم موجود ہے جب کہ دونوں برادر ملکوں کے کثیرالجہتی تعاون کے مثبت اثرات ہوں گے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی کے وزیر دفاع فکری اسک سے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں دفاعی پیداوار اور سیکیورٹی پالیسی میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹی 129 ہیلی کاپٹر میں پرواز بھی کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے ترکی کی تکنیکی صلاحیتیوں کی تعریف بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔