سلمان کی فلم میں شاہ رخ کیوں ناراض ہوئے

شاہ رخ کی فلم انرجی سے بھرپور ہے جبکہ ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں میرا کردار تھوڑا سست ہے، سلمان خان


June 22, 2017
سلمان،شاہ رخ ایک دوسرے کو بھائیوں سے بڑھ کرمانتے ہیں؛فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنے قریبی دوست شاہ رخ خان کی نئی فلم کے ٹائٹل ''جب ہیری میٹ سیجل'' کو اپنی فلم ''ٹیوب لائٹ'' سے بہتر قرار دے دیا۔

بالی ووڈ کے دو بڑے خانز سلمان اورشاہ رخ ماضی میں ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں اور ان کے تعلقات آپس میں اتنے کشیدہ تھے کہ دونوں ایک دوسرے کے بارے میں بات کرنا بھی پسند نہیں کرتے تھے لیکن اب دونوں سپر اسٹارز ایک دوسرے کو بھائیوں سے بھی بڑھ کر قریبی دوست مانتے ہیں اور ایک دوسرے کی تعریف کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ حال ہی میں سلمان خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی فلم ''جب ہیری میٹ سیجل'' کے ٹائٹل کو اپنی فلم ''ٹیوب لائٹ'' سے بہتر قرار دیا۔

سلمان خان نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی فلم ''ٹیوب لائٹ'' کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ہدایت کار کبیر خان کے ساتھ تیسری فلم ہے، پچھلی دونوں فلمیں ''ایک تھا ٹائیگر''اور''بجرنگی بھائی جان'' باکس آفس پر سپرہٹ رہی تھیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر کبیر خان کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کنگ خان سے ملاقات کے لیے دبنگ خان فلم ''رئیس'' کے سیٹ پر پنچ گئے

بالی ووڈ سپر اسٹار نے ''ٹیوب لائٹ'' کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم دو ممالک کے درمیان جنگ اور اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کے گرد گھومتی ہے، فلم میں ان کا کردار سیدھے سادے اور تھوڑے سُست انسان کا ہے جو ان کی گزشتہ فلموں کے مقابلے میں کافی منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد سلیم خان نے ٹیوب لائٹ میں میری اداکاری کو بے حد سراہا ہے جس نے مجھے بے انتہا خوشی دی ہے، فلم میں اپنے چھوٹے بھائی سہیل خان کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلمان کا کہنا تھا کہ حقیقی بھائی ہونے کی وجہ سے ہمارے جذبات فلم میں بالکل اصلی ہیں۔

شاہ رخ خان کے کردار کے بارے میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ فلم میں مختصر لیکن جاندار کردار ادا کر رہے ہیں، فلم کے ایک سین میں جب لوگ مجھ پر ہنس رہے ہوتے ہیں تو یہ بات شاہ رخ خان کو بہت بری لگتی ہے حالانکہ یہ فلم کا ایک سین تھا لیکن شاہ رخ اور میرا تعلق بھائیوں سے بڑھ کر ہے اس لئے ہم ایک دوسرے کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان میرے لیے بھائیوں سے بڑھ کر ہے،شاہ رخ خان

سلمان خان نے دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی فلم ''جب ہیری میٹ سیجل'' کے ٹائٹل کو اپنی فلم'' ٹیوب لائٹ'' سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کنگ خان کی فلم انرجی سے بھرپور ہے جبکہ میرا کردار ٹیوب لائٹ میں تھوڑا سست ہے لہٰذا کردار کے حساب سے ہم نے فلم کا نام ''ٹیوب لائٹ'' تجویز کیا۔

واضح رہے کہ ''ٹیوب لائٹ'' میں سلمان خان کے ساتھ چینی فنکارہ ژوژو مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ فلم 24 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مقبول خبریں