سانحہ بہاولپور 70 سالہ کرپشن کا نتیجہ ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  پير 26 جون 2017
فارنسک لیب کے ذریعے جلنے والی لاشوں کی شناخت کا عمل چند روز میں مکمل ہوجائے گا، شہبازشریف: فوٹو: فائل

فارنسک لیب کے ذریعے جلنے والی لاشوں کی شناخت کا عمل چند روز میں مکمل ہوجائے گا، شہبازشریف: فوٹو: فائل

احمد پور شرقیہ: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 70 سالہ کرپشن کو سانحہ بہاولپور کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے احمد پور شرقیہ میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 70 سال سے جاری کرپشن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ناخواندگی اور غربت اس حادثہ کی وجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد وسیع پیمانے پر کی جانے والی اجتماعی امدادی کوشش کی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ اسپتالوں میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، زخمیوں کو تین ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ملتان کے برن یونٹ اور سی 130 کے ذریعے سی ایم ایچ بہاولپور سے لاہور برن یونٹ منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ اور زخمیوں میں 10، 10 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ فارنسک لیب کے ذریعے جلنے والی لاشوں کی شناخت کا عمل چند روز میں مکمل ہوجائے گا، شدید گرمی کی وجہ سے لاشوں کی جلد از جلد تدفین کی جا رہی ہے، لیب کی پنجاب میں 9 شاخیں بھی قائم کر دی گئی ہیں جو جلد کام شروع کر دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بہاولپور میں آئل ٹینکرالٹنے سے 137 افراد جاں بحق

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔