آئندہ 48 گھنٹوں میں کراچی سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  منگل 27 جون 2017
بالائی پنجاب، زیریں سندھ، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور کشمیر ریجن میں بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

بالائی پنجاب، زیریں سندھ، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور کشمیر ریجن میں بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، زیریں سندھ، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور کشمیر ریجن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ جاری ہونے کے بعد کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے تمام ضلعی عہدے داران اور حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ انہیں عید کے تیسرے روز یعنی 28 جون کو میئر کے دفتر میں طلب کرلیا ہے۔

ارشد وہرہ نے شہر کے تمام برساتی نالوں اور ندیوں کی صفائی کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں جبکہ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں سے رابطہ کریں۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق پاکستان میں مون سون کا سلسلہ پیر کے روز سے شروع ہوچکا ہے جبکہ بدھ سے اس میں مزید شدت آنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔