دوسرا ون ڈے اسٹارک ہاتھ دھو کر ویسٹ انڈیز کے پیچھے پڑگئے

آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 54 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔


AFP February 04, 2013
دوسرا ون ڈے :آسٹریلوی بیٹسمین جارج بیلی شاٹ کھیل رہے ہیں ۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک ہاتھ دھو کر ویسٹ انڈیز کے پیچھے پڑگئے۔ایک بار پھر 5 وکٹیں لے کر مہمان سائیڈ کی54 رنز سے ناکامی میں اہم کردار ادا کیا۔

267 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 212 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کیرن پاول کے 83 رنز بھی کسی کام نہ آئے، اسٹارک نے ٹاپ 4 بیٹسمینوں کو ایل بی ڈبلیو کیا، گلین میکسویل نے 4 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 7 وکٹوں پر 266 رنز بنائے، جارج بیلی نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، ڈیرن سیمی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 54 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ فتح کیلیے 267 رنز کا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم کو آغاز پر ہی مچل اسٹارک کا سامنا کرنا پڑا جنھوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں کرس گیل کو 4 اور رام نریش سروان کو صفرپر ایل بی ڈبلیو کردیا، جب مہمان ٹیم کا اسکور 33 ہواتو ڈیرن براوو بھی 14 رنزبناکر ٹانگ آگے کرنے کے جرم میں میدان سے باہر بھیج دیے گئے۔

 



اس موقع پر اوپنرکیرن پاول اور ڈیوائن براوو نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کا فریضہ انجام دیتے ہوئے مجموعے کو 159 پر لے گئے، اس خطرناک جوڑی کا خاتمہ گلین میکسویل کے ہاتھوں ہوا جنھوں نے براوو کو 45 رنز پر وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی مدد سے قابو کیا، کیرن پاول نے 83 رنز بنائے ان کے خلاف اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہوئی مگر آسٹریلیا نے ریویو کی مدد سے فیصلہ تبدیل کروالیا اگلی گیند پر اسٹارک نے ڈیون تھوماس (0)کو کاٹ بی ہائنڈ کرادیا۔

پولارڈ (1)، ڈیرن سیمی (8) اور سنیل نارائن (24) میکسویل کا شکار ثابت ہوئے، اسٹارک نے 32 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں، اس سے قبل پہلے مقابلے میں بھی انھوں نے 5 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی 9 وکٹ سے فتح میں اہم حصہ ڈالا تھا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 7 وکٹوں پر 266 رنز بنائے، مین آف دی میچ جارج بیلی نے سب سے زیادہ 125 رنز بنائے، گلین میکسویل نے 39 رنز بنائے۔