وحیدہ شاہ کیس کی سماعت مکمل فیصلہ محفوظ کر لیا گیا

سندھ ہائیکورٹ نے وحیدہ شاہ کی سزا اورنااہلی کیخلاف حکم امتناع میں بھی توسیع کردی


Staff Reporter August 02, 2012
سندھ ہائیکورٹ نے وحیدہ شاہ کی سزا اورنااہلی کیخلاف حکم امتناع میں بھی توسیع کردی۔ فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پولنگ عملے پرتشدد کے الزام میںسزایافتہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیدہ وحیدہ شاہ کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست اورماتحت عدالت کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے وحیدہ شاہ کی سزا اور نااہلی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی ہے۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے میں تحریری دلائل جمع کرادیں، درخواست گزاروحیدہ شاہ کی جانب سے رشید اے رضوی اور حیدرامام رضوی ایڈوکیٹ نے دلائل دیے اور موقف اختیارکیا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 100 میں چیف الیکشن کمشنرکا لفظ استعمال ہوا ہے اس لیے الیکشن کمیشن اس معاملے کا فیصلہ نہیں کرسکتا جبکہ چیف الیکشن کمیشنر نے وحیدہ شاہ کو الزامات سے بری کیا ہے اور یہی قانونی فیصلہ ہے، درخواست گزار کے وکلاء نے کہا کہ اس کیس میںریٹرننگ افسر نے ہی وحیدہ شاہ کو سزا سنائی اور وہی ان کے خلاف مدعی اور گواہ بھی ہیں جو کہ انصاف کے بنیادوں اصولوں کے خلاف ہے۔