پرائمری اسکول ٹیچرزکے نتائج جاری73فیصد امیدوار فیل

اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کا الیکشن کمیشن سے رابطے کافیصلہ۔


Staff Reporter February 05, 2013
اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کا الیکشن کمیشن سے رابطے کافیصلہ۔ فوٹو: فائل

پرائمری اسکول ٹیچرکے منعقدہ ٹیسٹ میں تقریباً73فیصدامیدوارفیل ہوگئے۔

اس سے قبل جونیئراسکول ٹیچرزکے منعقدہ ٹیسٹ میں 70 فیصد امیدوارفیل ہوگئے تھے، جاری کیے گئے نتائج کے مطابق سندھ میں پرائمری اسکول ٹیچرزکے نتائج کی شرح جونیئر اسکول ٹیچرزکے نتائج سے مزید3فیصدکم ہوگئی۔

دوسری جانب صوبائی محکمہ تعلیم نے سندھ کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پرعائد پابندی کے بعد اب اساتذہ کی بھرتیوں کی اجازت لینے کے لیے صوبائی الیکشن کمیشن سے رابطہ کافیصلہ کیاہے، صوبائی محکمہ تعلیم کے ایک افسرنے ''ایکسپریس'' کوبتایاکہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کوایک خط لکھاجائے گاجس میں انھیں اس امرسے آگاہ کیاجائے گاکہ ان بھرتیوں کامرحلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے جوعالمی بینک کے تعاون سے اسی منصوبے کے تحت کی جارہی ہیں.

تعلیمی افسرکاکہناتھاکہ اگرالیکشن کمیشن نے بھرتیوں کی اجازت دیدی توموجودہ حکومت میں بھرتیوں کامرحلہ جاری رکھاجائے گابصورت دیگرنگراں حکومت کے قیام کے بعدبھرتیاں کی جائیں گی، علاوہ ازیں این ٹی ایس(نیشنل ٹیسٹنگ سروس ) کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھرمیں پرائمری اسکول ٹیچرزکی بھرتیوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں مجموعی طورپر255524مرد وخواتین امیدوارشریک ہوئے تھے جس میں سے کل 70970مرد وخواتین امیدواروں نے پرائمری اسکول ٹیچرکاٹیسٹ پاس کیاہے،این ٹی ایس کے مطابق ٹیسٹ کامجموعی نتیجہ 27.77فیصدرہاہے۔