امریکی ریاست مسیسیپی میں فوجی طیارہ گرکرتباہ، 16 اہلکارہلاک

ویب ڈیسک  منگل 11 جولائی 2017
امریکی حکام نے واقعے کو حادثہ قرار دے کر تخریب کاری کا امکان مسترد کردیا: فوٹو : رائٹرز

امریکی حکام نے واقعے کو حادثہ قرار دے کر تخریب کاری کا امکان مسترد کردیا: فوٹو : رائٹرز

میسیسیپی: امریکا کی جنوبی ریاست میں میرین کور کا فوجی طیارہ گرنے سے 16 فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسیسیپی کے دارالحکومت جیکسن کے علاقے لافلورے کاؤنٹی میں امریکی میرن کور کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 16 میرین ہلاک ہوگئے۔ ایف بی آئی نے جائے وقوع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام نے واقعے میں تخریب کاری کا امکان مسترد کرتے ہوئے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔

مسیسیپی کے گورنر فل برائنٹ نے طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ ایک المیہ ہے اور فوجی وردی میں ملبوس ہمارے جوان ہماری آزادی کے تحفظ کے لئے ہرروز اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاطینی امریکی ریاست ایکواڈور کا فوجی طیارہ گرکر تباہ، 22 اہلکار ہلاک

میرن کور کی ترجمان سارا برنز نے حادثے کے حوالے سے بتایا ہے کہ میرن کور کا سی 130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے اور بدقسمتی سے طیارے میں سوار 16 اہلکاروں میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔