اوآئی سی رابطہ گروپ کاکشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کاعزم

مسئلہ کشمیرکے حل کیلیے مذاکرات شروع کیے،حناربانی کاخطاب،ایرانی ہم منصب سے ملاقات


News Agencies February 07, 2013
مسئلہ کشمیرکے حل کیلیے مذاکرات شروع کیے،حناربانی کاخطاب،ایرانی ہم منصب سے ملاقات فوٹو رائٹرز

اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے کشمیر کے بارے میں رابطہ گروپ نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔

جبکہ پاکستان نے کہاہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز مقبوضہ کشمیرمیں حراستی قتل،جنسی زیادتیوں اور جعلی پولیس مقابلوں کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ بدھ کومصرکے دارالحکومت قاہرہ میں اوآئی سی کے کشمیرپررابطہ گروپ کااجلاس بارہویں اوآئی سی سربراہ کانفرنس کے موقع پرہواجس کی مشترکہ صدارت حناربانی کھراوراوآئی سی کے سیکریٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے کی۔ اجلاس میں کشمیریوں کے نصب العین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیاگیا ۔

اجلاس سے خطاب میںحناربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیرکے تنازعے کاحل چاہتا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے شروع کیے ہیں۔انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے تنظیم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلیے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی جائے گی۔

15

صدر آزادکشمیر سرداریعقوب نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی اور مقبوضہ وادی میں تازہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیااور سیکرٹری جنرل او آئی سی کو یادداشت پیش کی۔اے پی پی کے مطابق حنا ربانی کھرنے ایرانی ہم منصب علی اکبر صالحی اور ترک ہم منصب دائو اوگلو سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور شام وافغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل ہوجائے۔سرداریعقوب نے سیکریٹری جنرل اوآئی سی،حنا ربانی کھر،سعودی عرب، ترکی،نائیجرکے وزراء خارجہ اورنمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔