شاہ زیب قتل کیسپرنسپل ایچی سن کالج شاہ رخ کی دستاویزات فراہم کریں

دیگر ذرائع سے بھی ملزم کی عمرکے تعین کیلیے تفتیشی افسرکی درخواست پرعدالتی حکم


Staff Reporter February 08, 2013
پرنسپل ایچی سن کالج کو 2 خطوط بھیجے مگرکوئی جواب نہیں دیاگیا،انسپکٹر مبین احمد فوٹو ایکسپریس

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر کی تصدیق کیلیے پرنسپل ایچی سن کالج لاہور کو ہدایت کی ہے کہ ضروری دستاویزات تفتیشی افسر کو فراہم کی جائیں۔

تفتیشی افسر انسپکٹر مبین احمد نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر عبدالمعروف کے توسط سے عدالت میں درخواست پیش کی کہ ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمرکے تعین کیلیے اسکا طبی معائنہ کرایا گیا ہے تاہم دیگر ذرائع سے بھی اسکی عمرکے تعین کی کوشش کی جارہی ہے۔

11

ملزم کے اہل خانہ نے دستاویزات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے اسلیے تفتیشی افسر نے ملزم کے تعلیمی ادارے سے رجوع کیا، تاہم پرنسپل ایچی سن کالج کو 2 بار خطوط ارسال کیے جانیکے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اسلیے عدالت مذکورہ تعلیمی ادارے کے سربراہ کو حکم دے کہ قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم کے خلاف تفتیش میں تعاون کرتے ہوئے اسکی عمر سے متعلق دستاویزات فراہم کرے۔ فاضل عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرنسپل ایچی سن کالج کو متعلقہ دستاویزات تفتیشی افسر کو فراہم کرنیکی ہدایت کی۔