موجودہ حلقہ بندیوں پر انتخابات کا اعلان افسوس ناک ہے شاہی سید

لسٹوں پرتحفظات ہیں،کسی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے


Staff Reporter August 03, 2012
لسٹوں پرتحفظات ہیں،کسی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ فوئل فوٹو

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی کی بد امنی پر سو موٹو نوٹس کی سماعت کے بعد جاری کردہ سفارشات کا ایک اہم نقطہ کراچی کی منصفانہ حلقہ بندیاں ہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے موجودہ حلقہ بندیوں پر انتخابات کا اعلان انتہائی افسوس ناک ہے، پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن کے انعقاد کو کسی صور ت قبول نہیں کریں گے۔

کراچی میں پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن کا انعقاد سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین کے مترادف ہوگا، اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے آمروں کے ادوار میں گروہی مفادات کے تحفظ کیلیے من مانے طریقے سے حلقہ بندیاں کی گئی ہیں اور اس سلسلے میں جلد صوبائی تنظیم کا اجلاس بلایا جائے گا، کارکنان پارٹی کی جانب سے کسی بھی قسم کے لائحہ عمل کے لیے تیار رہیں، موجودہ حلقہ بندیوں پر الیکشن کے انعقاد کے خلاف سپریم کورٹ سمیت ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ لسٹوں پر ہمارے شدید تحفظات ہیں اور اس سلسلے میں اپنے تمام تر اعتراضات کے ساتھ چیف الیکشن کمیشن سے بھی ملاقات کرکے انھیں تمام حقائق سے آگاہ کریں گے، کسی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔