این جی او کے مغوی کارکنوں کا سراغ لگانے میں پولیس ناکام

برآمد گاڑی سے شواہد نہیں ملے ،جائے وقوع نصب خفیہ کیمرے کی رینج سے باہر تھا.


Staff Reporter February 10, 2013
مغویوں کے موبائل بند ہیں جس سے لوکیشن ڈھونڈنے میں مشکلات ہیں،احمد چنائے. فوٹو : فائل

ماڑی پور سے اغوا کیے گئے مقامی این جی او کے مغویوں کی بازیابی کے سلسلے میں برآمد کی جانے والی ان کی گاڑی سے بھی کوئی شواہد نہیں مل سکے۔

جائے وقوع کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی گاڑی کیمروں کی رینج سے باہر تھی ، ملزمان نے تاحال مغویوں کے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کیا ہے،تفصیلات کے مطابق 31 جنوری کو مقامی این جی او کے اہلکاروں کو ماڑی پور سے اغوا کیا گیا تھا جن میں انجینئر سیال ، ڈسپنسر رفیق ، خرم عباس اور ڈرائیور ہمایوں شامل ہیں ، اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نیاز کھوسو نے بتایا کہ واقعے کے بعد حب سے برآمد کی جانے والی سوزوکی ہائی روف سے پولیس کو کوئی خاص شواہد نہیں ملے، فنگر پرنٹس بھی مکس ہیں۔

1

ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوع کے قریب ایک کمپنی کی دیوار پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں لیکن مغویوں کی گاڑی اس وقت کیمروں کی رینج سے باہر تھی جس کی وجہ سے گاڑی کی فوٹیج نہیں بن سکی،مغویوں نے ملزمان کے اہل خانہ سے تاحال رابطہ نہیں کیا ہے،سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے سربراہ احمد چنائے نے ایکسپریس کو بتایا کہ مغویوں کے موبائل فون بند ہیں جس کی وجہ سے لوکیشن ڈھونڈنے میں بھی پریشانی کا سامنا ہے ، مغویوں کے موبائل فون کھل جائیں تو کیس میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے،احمد چنائے نے بھی تصدیق کی کہ مغویوں کے اہل خانہ سے بھی ملزمان نے رابطہ نہیں کیا ہے۔