عمران ٹیکس چور ہیں مجھے عدالت لیکر جائیں ورنہ ثبوت عام کردونگا چوہدری نثار

عمران خان کوآصف زرداری کی حمایت میں اے این پی اورایم کیو ایم...


اسلام آباد: قائد حزب اختلاف چوہدری نثار پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

KARACHI: قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے1971سے 1992 تک اپنی کمائی پرٹیکس نہیں دیا، عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مجھے عدالت لیکرجائیں بصورت دیگر ان کی ٹیکس دستاویزات منظرعام پر لے آئوں گا، عمران خان کو ہماری قیادت کے اثاثوں پر شک ہے توکمیشن بناکر تحقیقات کی جائیں،الزامات کا حل یہ ہے کہ ہم اور عمران خان ثبوت لے کرچیف جسٹس پاکستان کے پاس جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست الزام اور بہتان کے سوا کچھ نہیں، ان کی سیاست اپوزیشن پر تنقید نہیں بلکہ اپنی مخالف جماعت پر تنقید ہے، عمران خان کو زرداری کی حمایت میں اے این پی اور ایم کیو ایم نظرنہیں آتیں۔ عمران خان کی تنقید کا محور مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف ہیں، الزامات کی سیاست کا اب کوئی حل نکلنا چاہیے۔ الزامات کا حل یہ ہے کہ ہم اور عمران ثبوت لے کر چیف جسٹس پاکستان کے پاس جائیں۔

اگر وہ وہاں نہیں جانا چاہتے تو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ یا چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے پاس چلے جائیں۔ چوہدری نثار نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر انھیں ہماری لیڈر شپ کے اثاثوں پر شک ہے تو کمیشن بناکر تحقیقات کی جائیں، حسن نواز اور حسین نواز کے بیرون ملک کاروبار اور اثاثے ان کی محنت کا نتیجہ ہیں اور دونوں پر برطانیہ اور سعودی عرب میں کروڑوں کے قرضے ہیں۔ عمران خان نے پروفیشنل زندگی میں 1971 سے 1992 تک اپنی کمائی پرکبھی ٹیکس نہیں دیا،عمران مجھے عدالت لے کر جائیں۔

چوہدری نثار نے چیلنج کرتے ہوئے عمران خان کو کہاکہ اگر وہ مجھے عدالت لے کرنہیں گئے توان کی ٹیکس دستاویزات منظر عام پر لے آئیں گے،عمران خان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں، عمران خان سیاسی جماعت چلارہے ہیں،وہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے۔