عمران خان نے کہا تھا تصدق جیلانی کے بعد آنیوالے ججز پارلیمنٹ توڑ دیں گے، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  پير 31 جولائی 2017
عارف علوی اور شیریں مزاری نے ان سے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جاوید ہاشمی۔  فوٹو؛ فائل

عارف علوی اور شیریں مزاری نے ان سے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جاوید ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

ملتان: سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے عمران خان کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کہا تھا کہ تصدق جیلانی کے بعد والے ججز پارلیمنٹ کو توڑ دیں گے اور نواز شریف خود استعفیٰ دے دیں گے جس کے بعد ملک میں ہماری حکومت قائم ہو جائے گی۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ 2014 کے دھرنے میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ان سے کہا تھا کہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے جانے کے بعد آنے والے ججز پارلیمنٹ کو توڑ دیں گے، نواز شریف خود استعفیٰ دے دیں گے جس کے بعد ٹیکنوکریٹ حکومت بنے گی اور ستمبر یا نومبر میں انتخابات ہوں گے جس میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی اور کوئی ہم سے مقابلے کی جرات بھی نہیں کرے گا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ دھرنے کے دوران ایک بار تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی اور شیریں مزاری نے ان سے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، آپ عمران کو سمجھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ آفر بھی ہوئی تھی کہ آپ پی ٹی آئی سے استعفیٰ نہ دیں بلکہ پارٹی میں فاروڈ بلاک بنائیں مگر میں نے اس آفر کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کو ختم کرنے نہیں بلکہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے اقتدار کو فروغ دینے کے لئے آیا ہوں۔

جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ عمران خان نے ان سے کہا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ آپ مقدمات ہمارے پاس لے آئیں، جسٹس آصف سعید کھوسہ کون ہوتے ہیں اس طرح کی باتیں کرنے والے، اس بات پر تو جوڈیشل کونسل کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اپنے آپ کو بہادر کہتا ہے حالانکہ وہ تو انتہائی بزدل انسان ہے جو مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے بھاگ گیا۔ عمران خان نے مجھ پر الزام عائد کیا کہ جاوید ہاشمی کہتا ہے نواز شریف پیسہ بڑھائے جاؤ میں تمھارے ساتھ ہوں، عمران خان کو اس طرح کا گھٹیا بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے اور میں بتانا چاہتا ہوں کہ جب میں وزیر کھیل تھا اور عمران خان قومی ٹیم کا کپتان تھا تو کیری پیکر کے ذریعے اس نے کہا کہ مجھے صرف پیسہ چاہیے.

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نے جاوید ہاشمی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شفقت محمود، شیریں مزاری، عارف علوی سے منسوب بیان بھی جھوٹا اور من گھڑت ہے جب کہ جاوید ہاشمی روزانہ جھوٹے افسانے تراشتے ہیں۔ ترجمان تحریک نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی سیاست کا مکمل طور پرجنازہ نکل چکا ہے، قوم نے انہیں مسترد کیا تو اس کی وجہ وہ خود تھے اور اگر (ن) لیگ جاوہد ہاشمی کو اپنے ساتھ شامل نہیں کر رہی تواس میں عمران خان کا کیا قصور ہے، چاپلوسی کی تمام حدود پار کرنے کے باوجود بھی شریف خاندان انہیں گلے لگانے کو تیار نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔