زندگی میں ہونے والی غلطیوں پر پچھتاوا نہیں نیہا دھوپیا

درجنوں فلموں کی پیشکش صرف اس وجہ سے رد کی کیونکہ اس کو ان میں اپنا کردار پسند نہیں آیا تھا، نیہا دھوپیا


APP February 11, 2013
نیہا دھوپیا 2002 میں مس انڈیا کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔ فوٹو: فائل

LONDON: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ نیہا دھوپیا نے کہا ہے کہ اس سے غلطیاں ہوئیں لیکن اس کو ان پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

سابق مس انڈیا نیہا دھوپیا نے اپنی تازہ بات چیت میں کہا کہ وہ یہ تسلیم کرتی ہیں کہ ان سے بہت سی غلطیاں ہوئیں لیکن ان کو اپنی کسی غلطی پر پچھتاوا نہیں اور نہ ہی وہ ان پر بات کرنا چاہتی ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ کوئی خدا نہیں جو غلطیوں اور خامیوں سے پاک ہو۔ مجھ سے دن میں کئی بار غلطیاں ہوتی ہیں جن میں دوسروں سے بداخلاقی سے پیش آنا بھی غلطی ہے۔ 32 سالہ نیہا دھوپیا نے کہا کہ اس نے درجنوں فلموں کی پیشکش صرف اس وجہ سے رد کی کیونکہ اس کو ان میں اپنا کردار پسند نہیں آیا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی فلم میں ایک بھی ایسا مضبوط سین ہو جو اس کو کیریئر کو بڑھاوا دے تو وہ کرنے کو تیار ہے۔

نیہا نے فلم انڈسٹری سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے والدین چونکہ پہلے ہی اس صنعت میں تھے اس لیے اس کو اس میں جگہ بنانے کے لیے زیادہ محنت نہیںکرنا پڑی تھی۔ بالی وڈ اداکارہ ستائیس اگست انیس سو اسی میں بھارت میں پیدا ہوئیں جنھوں نے اب تک بہت سی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ دوہزار دو میں انھوں نے مس انڈیا کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ نیہا دھوپیا بھارتی ریاست کیرالہ میں سکھ فیملی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کمانڈر پرادیپ سنگھ دھوپیا نے انڈین نیوی میں خدمات سرانجام دیں جب کہ ان کی ماں منپیندر ایک گھریلو خاتون تھیں۔ ابتدائی تعلیم کے لیے وہ نیول پبلک اسکول میں داخل ہوئیں تاہم بعد میں آرمی پبلک اسکول نئی دہلی چلی گئیں۔



انھوں نے ہسٹری میں جیسس اینڈ میری کالج دہلی یونیورسٹی سے گریجوایشن کیا۔ نیہا دھوپیا نے فنی زندگی کا آغاز نئی دہلی میں ہونے والے ایک پلے گرافٹی سے کیا اس کے بعدمیں وہ ایک بینڈ کے وڈیو اور بہت ساری اشتہاری کمپینز میں جلوہ گر ہوئیں۔ ٹی وی سیریل راج دھانی میں اداکاری کرنے کے بعد وہ دوہزار دو میں مس انڈیا کے مقابلے میں شامل ہوئیں اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مس انڈیا کا مقابلہ جیتنے کے بعد انھیں اسی سال پوئے رٹرو ریکو میں مس یونیورس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے بھیجا گیا جہاں انھوں نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔ نیہا دھوپیا نے فلمی کرئیر کا آغاز دوہزار تین میں فلم قیامت سے کیا جو باکس آفس پر ایک اوسط درجے کی فلم ثابت ہوئی ۔

انھیں صحیح معنوں میں فلم جولی سے شہرت ملی جس کے بعد وہ دوہزار پانچ میں فلم شیشہ میں جلوہ گر ہوئیں اس فلم میں انھوں نے دوجڑواں بہنوں کا رول کیا لیکن فلم باکس آفس پر ناکام رہی ۔اداکارہ دوہزار پانچ میں فلم کیا کول ہیں ہم اوردوہزار سات میں فلم شوٹ آئوٹ ایٹ لوکھڈ والا میں جلوہ گر ہوئیں جنھوں نے باکس آفس پر خوب بزنس کیا۔ آنے والے سالوں میں دھوپیا نے بہت سی فلموں میں معاون اداکارہ کے رول کیے جنھیں ناقدین کی طرف سے بہت زیادہ پذیرائی ملی۔ ان فلموں میں چپکے چپکے (دوہزار چھ) ،متھایا( دوہزار آٹھ )، سنگھ از کنگ( دوہزار آٹھ)شامل ہیں۔ ان کی حالیہ فلموں میں پیئنگ گیسٹ ،ایکشن ری پلے ،دے دھنا دھن اور پپو کانٹ ڈانس سالا شامل ہیں۔ انھوں نے کرس کیٹن کے ساتھ ایک بین الاقوامی پراجیکٹ میں بھی کام کیا ۔

ہندی فلموں میں آنے سے پہلے انھوں نے جاپانی اور تیلگو فلموں میں بھی کام کیا۔ان کی دیگر فلموں میں ولن ، گرم مصالحہ ،تیسری آنکھ،دہلی ہائیٹس، ہیلی بیلی،دس کہانیاں،راما راما کیا ہے ڈرامہ،کبھی پیار نہ کرنا، دے تالی ،بالی وڈ ہیرو، رات گئی بات گئی،ڈیئر فرینڈ ہٹلر ،میکسیمم، آئی ایم ٹونٹی فور،دل نے دل کو پکاراوغیرہ شامل ہیں۔ دیگر سرگرمیوں میں خاص طور پر ان کی سماجی خدمات شامل ہیں۔ انھوں نے کینسر کے خلاف مہم میں حصہ لینے کے لیے ممبئی میراتھن میں شرکت کرکے پانچ لاکھ سے زائد اکٹھے کیے۔ اس کے علاوہ دوہزار گیارہ میں زلزلے سے متاثرین کے لیے انھوں نے بہت سے پیسے اکٹھے کیے۔ انھوں نے بہت سے ایوارڈز تقریبات میں اپنے جلوے بھی دکھائے ہیں۔