ناقابل شکست آسٹریلیا نے فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا

سپرسکس کے اپنے دوسرے میچ میں یلوشرٹس نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے ٹھکانے لگایا۔


Sports Desk February 11, 2013
جنوبی افریقہ کو پچھاڑ کر انگلینڈ نے فیصلہ کن معرکے میں رسائی کی امیدیں برقراررکھیں۔ فوٹو: فائل

ویمنز ورلڈ کپ میں ناقابل شکست آسٹریلیا نے فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔

سپرسکس کے اپنے دوسرے میچ میں یلوشرٹس نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے ٹھکانے لگایا، راشیل ہائنز نے 71 رنز اسکور کیے۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے پچھاڑ کر فیصلہ کن معرکے میں رسائی کی امیدیں زندہ رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست آسٹریلوی ٹیم نے سری لنکا کو بھی زیر کرتے ہوئے فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔ سری لنکا نے جولی ہنٹر اور میگان شٹ کے وار نہ سہتے ہوئے پہلی 3 وکٹیں 28 رنز کے سفر میں گنوادیں،لیزا استھالیکر نے جب ساندا مالی ڈو لو ویٹ کو بھی چلتا کیا تو حریف سائیڈ کا مجموعی اسکور 41 تھا۔

دیپکا راسنگیکا نے 47 رنز کی اننگز کے دوران منودارا ڈیلانی (21) کے ساتھ 49 کی شراکت سے ٹوٹل 90 تک پہنچایا، اسی اسکور پر دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد جارح مزاج کوشلیا بھی اس بار کھاتہ کھولنے میں ناکام رہیں، سنیوی رتنا (17) مجموعہ45.2اوورز میں 131تک لے جانے میں مدد گار بنیں،ایرن اوسبورن نے 10اوورز میں 6 میڈن سمیت صرف 9 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، میگان اور لیزا استھالیکر نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے میگ لیننگ(37)کی صورت میں پہلی وکٹ 55 پر گنوانے کے بعد مزید کو ئی نقصان اٹھائے ہدف 22.2 اوورز میں حاصل کرلیا، راشیل ہائینز 71 اور جیس کیمرون22 رنز پر ناقابل شکست رہیں۔

2

ایرن اوسبورن کو ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسری طرف سپر سکس مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں مات کھانے والی دفاعی چیمپئن انگلش ٹیم نے جنوبی افریقہ کا آسان شکار کرتے ہوئے فائنل کھیلنے کی امیدیں زندہ رکھیں۔ پروٹیز نے صرف 18رنز پر 4 وکٹوں کا تحفہ آنیا شربسول کو پیش کرنے کے بعد 42 کے مجموعی اسکور پر انھیں اپنے شکاروں کی تعداد 5 کرنے کا موقع بھی فراہم کردیا، مین آف دی میچ انگلش بولر نے مجموعی طور پر 5 میڈن اوور کراتے ہوئے صرف 17 رنز دیے، ڈینیلی وائٹ نے 1.3اوورز میں 7 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو 77 تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم 26 پر 3 وکٹیں گنواکر مشکلات کا شکار ہوئی مگر لائیڈیا گرین وے 25 اور ایرن برینڈل 28 کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ انگلش ٹیم کوفائنل میں رسائی کیلیے نیوزی لینڈ کیخلاف بھاری مارجن سے کامیابی کی ضرورت ہوگی، پوائنٹس برابر ہونے پر رن ریٹ کی کمی ٹائٹل کی طرف پیش قدمی روکنے کا سبب بن سکتی ہے۔