آسٹریلیا سے سیریز بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ سے گمبھیر کی چھٹی

رنجی ٹرافی میں 16 وکٹیں اڑانے والے ہربھجن سنگھ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔


Sports Desk February 11, 2013
آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز کیلیے بھارتی اسکواڈ میں گوتم گمبھیر جگہ نہیں بناسکے. فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

GILGIT: بھارت نے آسٹریلیا سے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

اوپنر گوتم گمبھیرکی چھٹی کرتے ہوئے شیکھر دھون کو منتخب کیا گیا ہے، مرلی وجے کو ٹیم میں برقرار رکھا گیاہے، ہربھجن سنگھ کو پیوش چاولہ پر ترجیح دی گئی، سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے والے بھونیشور کمار کو سیریز میں ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز کیلیے بھارتی اسکواڈ میں گوتم گمبھیر جگہ نہیں بناسکے، ناقص فارم کا شکار اوپنر 3 سال میں ایک بھی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے اس دوران 26ٹیسٹ میں 30.2 کی اوسط سے رنزاسکور کیے، سلیکٹرز نے ان کی جگہ شیکھر دھون کو منتخب کیا ہے جنھوں نے سیزن کے فرسٹ کلاس میچز میں 55.53رنز کی ایوریج سے 833رنز بنائے جن میں4 سنچریاں اور 3ففٹیز بھی شامل ہیں۔

3

رنجی ٹرافی میں لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے 2تھری فیگر اننگز اور اتنی ہی ففٹیز سمیت 47.63کی اوسط سے524رنز بنائے، کینگروز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں اوپنر سہواگ کا پارٹنر بننے کیلیے شیکھر دھون اور مرلی وجے میں سخت مقابلہ ہو گا۔ رنجی ٹرافی میں 32.23 کی اوسط سے 16 وکٹیں اڑانے والے ہربھجن سنگھ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، بھونیشو کمار پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جانے پر پیسر ٹیسٹ کیپ حاصل کریں گے۔ 15 رکنی بھارتی اسکواڈ مہندرا سنگھ دھونی (کپتان) ، وریندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر، ویرت کوہلی، شیکھر دھون، مرلی وجے، اجنکیا راہنے، چتیشور پجارا، رویندرا جڈیجا، ہربھجن سنگھ، ایشانت شرما، بھونیشور کمار، چندرن ایشون ، پراگیان اوجھا اور اشوک ڈینڈا پر مشتمل ہے۔